
اُس نے خُود فرمایا ہے کہ مَیں تُجھ سے ہرگِز دست بردار نہ ہُوں گا اور کبھی تُجھے نہ چھوڑُوں گا۔ عِبرانیوں13 : 5
جس طرح آپ کسی انسان کے ساتھ دوستی کرتے اور پھراسے مضبوط کرتے ہیں اِسی طرح خُدا کے ساتھ بھی دوستی کی جاسکتی ہے۔ اس میں وقت لگتا ہے۔ سچ یہ ہے کہ آپ خُدا کے اتنے قریب ہوسکتے ہیں جتنا آپ چاہتے ہیں؛ لیکن اس کا انحصاراس بات پر ہے کہ آپ اس تعلق کو مضبوط کرنے کے لئے کتنا وقت دینے کے لئے تیار ہیں۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ آپ اس کے ساتھ دُعا اور کلام کے مطالعہ میں وقت گزاریں اوراپنے ہر کام میں اُسے شامل کریں۔
جب آپ خُدا کے ساتھ چلیں گے اور اس کی وفاداری کا تجربہ کریں گے تو اُس کے ساتھ آپ کی دوستی اور بھی گہری ہوجائے گی۔ خُدا کے ساتھ ہمیشہ سادگی اور مُحبّت سے بھری گفتگو کرنے کو اپنی عادت بنالیں۔ وہ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے اور ہمیشہ آپ کی سُننے کے لیے تیار ہے۔ وہ ایک ایسا دوست ہے جو آپ کو کبھی نہیں چھوڑے گا اور نہ ہی آپ سے دست بردار ہو گا۔ وہ وفادار، قابل اعتماد، مُحبّت کرنے والا اور معاف کرنے والا ہے۔ یہ وہ دوست ہے جس کے لیے ہم شُکر گزار ہو سکتے ہیں!
شُکرگزاری کی دُعا
اَے باپ، میں تیرا شُکریہ ادا کرتا/کرتی ہوں کہ تیرے ساتھ میرا رشتہ روز بروز ترقی کر رہا ہے اور مضبوط ہو رہا ہے۔ تیرا شُکر ہو کہ تُو قابل اعتماد ہے اور تُو مجھے کبھی مایوس نہیں کرے گا۔