
پس جس طرح کہ رُوح القّدس فرماتا ہے اگر آج تم اُس کی آواز سُنو تو اپنے دِلوں کو سخت نہ کرو جس طرح (پہلے ہوا تھا)(مجھے) غصہ دلانے کے وقت (بنی اسرائیل کی) آزمایش کے دِن جنگل میں کیا تھا۔ عبرانیوں 3 : 7 – 8
عبرانیوں 3 باب میں ہم دِل کی دو ایسی کیفیتوں کو دیکھتے ہیں جو درست نہیں ہیں ۔۔۔۔ سخت دِلی اور بے اعتقاد دِل۔ بیابان میں سخت دِلی کے سبب سے اسرائیلوں نے بغاوت کی۔ وہ شخص جس کا دِل سخت ہے وہ خُدا پر آسانی سے اِیمان نہیں لاسکتا جوکہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ جو کچھ ہم خُدا سے حاصل کرتے ہیں وہ اِیمان کے وسیلہ سے ہے۔ جب ہمیں خُدا سے کچھ چاہیے تو ہمیں صرف یہ کرنا ہے کہ اُس کے پاس اِیمان سے آئیں جیسا بچّوں کا سادہ اِیمان ہوتا ہےاور صرف بھروسہ کریں۔
ہم خود کو اِیماندار کہتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم میں سے بہت سے "بے اِیمان اِیماندار” ہیں۔ بہت لمبے عرصہ تک میں بھی اُن میں سے ایک تھی۔ مجھے اپنے بچپن میں اتنی تکلیفیں سہنی پڑیں کہ میرے اندر سخت دِلی پیدا ہوگئی اورخُدا کو میری زندگی میں داخل ہونے کے لئے اس کو توڑنا پڑا۔
یہاں تک کہ موسیٰ بھی بیابان میں ایک ایسے مقام پر پہنچ گیا جہاں اُس کا دِل اِیمان لانے میں سُست ہوگیا۔ اس لئے ہمارے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم روحانی طور پر بیداررہیں تاکہ ہم آسانی سے اِیمان لاسکیں اور ہر روز اِیمان میں زندگی بسر کرسکیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم محتاط طریقہ سے اِیمان سے اِیمان تک کا سفر طے کریں اور اس میں شک اور بےاعتقادی کو نہ آنے دیں۔ اگر ہم خُدا کے ساتھ قریبی تعلق قائم کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے اِیمان سے بھرا ہوا دِل بہت ضروری ہے ۔
خُداوند یسوع آپ کی رُوح کو بحال کرنا چاہتے ہیں جس میں آپ کے جذبات بھی شامل ہیں۔ خُداوند یسوع کو اپنی زندگی کے اُن حصوں میں آنے دیں جن تک ابھی کسی کی رسائی نہیں ہوئی ہے۔ اُس سے دُعا کریں کہ وہ آپ کو ایسا شخص بنا دے جس کا دِل اُس کے دِل کی مانند ہو۔