اِس واسطے کہ اُس میں خُدا کی راست بازی اِیمان سے (ایمان کے ذریعے ظاہر ہوتی ہے جس سے اور ایمان بڑھتا ہے) اور اِیمان کے لئے ظاہر ہوتی ہے جیسا لکھا ہے کہ راست باز اِیمان سے جیتا رہے گا۔ رومیوں 1 : 17
بہت سال پہلے جب میں اعتماد کے تعلق سے سیکھ رہی تھی اور پُراعتماد زندگی بسر کرنے کی کوشش کررہی تھی تو اس وقت میں فکر مند ہوجاتی تھی کہ کہیں مجھ سے غلطیاں سرزد نہ ہوجائیں اور کہیں میں خُدا سے "محروم” نہ ہو جاؤں۔ مجھے یاد ہے کہ اُس وقت خُدا نے میرے دل میں مجھ سے بڑے واضح طور پریہ کلام کیا کہ "جوئیس اس کے بارے میں فکر مند نہ ہو۔ اگر تم مجھے کھو بھی دو گی تو میں خود تمہیں ڈھونڈ لوں گا۔” اس یقین دہانی نے میرے اندر ایسا اعتماد پیدا کیا کہ میں خوف کی بجائے بھروسہ کے ساتھ زندگی بسر کرنے لگی۔
جب میں اِیمان کے بارے میں بات کرتی ہوں تو میں اکثر اعتماد کا لفظ استعمال کرتی ہوں، کیونکہ اِیمان حقیقی طور پر ایک رویے یعنی خُدا پر مکمل اعتماد کا نام ہے۔ یہ ایک یقین دہانی ہے جو ہمیں خُدا کے آرام میں داخل کرتی ہے۔
میرا اِیمان ہے کہ جتنا ہم خُدا کی نزدیکی حاصل کرتے ہیں اتنا ہی ہم پُراعتماد ہوتے ہیں۔ ہم خود پر اعتماد نہیں کرتے بلکہ اُس کی بھلائی اور اپنی زندگی میں اُس کی حضوری پراعتماد کرتے ہیں۔ ہم پُراعتماد ہو کر دُعا کرسکتے ہیں، اپنے تعلقات میں پُراعتماد ہوسکتے ہیں، فیصلہ جات کرنے میں پُراعتماد ہوسکتے ہیں اور روزمرہ کی ذمہ داریوں کو پُراعتماد طریقہ سے پورا کرسکتے ہیں۔
آج میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ آپ ایک موقف اختیار کریں کہ اور یوں اقرار کریں کہ "میں خُدا کے ساتھ مکمل اعتماد کے ساتھ زندگی بسر کروں گا/گی۔ میرا اِیمان ہے کہ وہ میری راہنمائی کرے گا۔ مجھے یقین ہے کہ میں اچھّے فیصلے کروں گا/گی۔ میرا اِیمان ہے کہ میری دُعاؤں میں بڑی قوت ہے۔ میرا ایمان ہے کہ خُدا مجھ سے پیا رکرتا ہے اور میری زندگی کے لئے اچھا منصوبہ رکھتا ہے۔”
"پُر اعتماد ہونا” محض "محسوس” کرنا نہیں ہے بلکہ یہ ایمان کی بات ہے!