
اور مجھے اِس بات کا بھروسہ ہے کہ جس نے تم میں نیک کام شروع کیا ہے وہ اُسے یسوع مسیح کے دِن تک (اس نیک کام کو) پورا کر دے گا۔ فلپیوں 1 : 6
جب میں جذباتی زخموں کی شفا کے تعلق سے سیکھاتی ہوں تو میں جوتے کے مختلف رنگ کے بہت سے تسموں کوایک ساتھ باندھ لیتی ہوں اور یہ مجھے پسند ہے۔ میں حاضرین کو بتاتی ہوں کہ "یہ آپ کی زندگی کے اس حصہ کی تصویر ہےجب آپ کی زندگی میں خُدا نے تبدیلی کا عمل شروع کیا، آپ اسی طرح اُلجھے ہوئے تھے۔ ہر ایک تسمہ کسی نہ کسی مسئلہ کی نشاندہی کرتا ہے جو آپ کی زندگی میں رونما ہونے والے حالات سے پیدا ہوا ہے۔ ان گرہوں کو کھولنے اور ان مسائل کو حل کرنے میں کچھ وقت اور کوشش درکار ہے اِس لئے اگر فوراً سب کچھ نہیں ہوجاتا تو ہمت نہ ہاریں۔”
اگر آپ شفا پانا چاہتے ہیں اور بحالی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے لئے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ شفا ایک عمل ہے۔ خُداوند کو اپنی زندگی میں کام کرنے کی اجازت دیں تاکہ وہ آپ کے مسائل کو اپنے وقت اور طریقہ کے مطابق حل کرے۔ آپ کا حصّہ یہ ہے کہ آپ اُس کے ساتھ تعاون کریں۔ اور فیصلہ اُس پر چھوڑ دیں، یہ اُس کی مرضی ہے کہ وہ آپ کی زندگی کے کس حصّہ پر پہلے کام کرنا شروع کرنا چاہتا ہے۔
اس جدید اور تیز دورمیں ہم توقع کرتے ہیں کہ ہر کام جلدی اور آسانی سے ہو جائے۔ خُداوند خُدا کوئی کام جلد بازی میں نہیں کرتا لیکن وہ کبھی دست بردار بھی نہیں ہوتا۔ بعض اوقات آپ کو ایسا محسوس ہوگا کہ آپ کی زندگی میں کوئی ترقی نہیں ہورہی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ خُداوند آپ کی زندگی کی گرہوں کو ایک ایک کر کے کھول رہا ہے۔ اس عمل کے دوران ہم خُدا پر بھروسہ کرنا سیکھ رہے ہیں اور ہم اس کے ساتھ ایک نزدیکی اور قریبی تعلق بنا رہے ہیں۔ خُدا جو بھی کام شروع کرتا ہے وہ اُسے پایہ تکمیل کو ضرور پہنچاتا ہے اور آپ اپنی زندگی میں فتح اور آزادی کو دیکھیں گے!
ہمت نہ ہاریں!