کیونکہ (اِس لئے کہ) خُدا کی بادشاہی کھانے (کے حصول) پینے (کسی کے پسندیدہ مشروب) پر نہیں بلکہ راستبازی (وہ حالت جو کسی شخص کو خُدا کی نظر میں مقبول ٹھہراتی ہے) اور میل ملاپ (امن) اور اُس خوشی پر موقوف ہے جو رُوح القّدس کی طرف سے ہوتی ہے۔ رومیوں 14 : 17
خُدا کی بادشاہی ایسی باتوں پر موقوف ہے جو دُنیا کی دولت سے بہت عظیم اور فائدہ مند ہے۔ خُدا ہمیں دنیاوی چیزوں سے بھی نوازتا ہے، لیکن بادشاہی کی نعمتیں ان سے کہیں بڑھ کرہیں: جن میں پاک رُوح کے وسیلہ سے راستبازی، اطمینان اور خوشی شامل ہے۔
راستبازی ہمارے کاموں کا نتیجہ نہیں ہے، بلکہ اس کا انحصار خُداوند یسوع مسیح کے اس کام پر ہے جو اُس نے ہمارے لئے کیا ہے (1 کرنتھیوں 1 : 30)۔ وہ ہمارے گناہ اُٹھاتا ہےاور ہمیں اپنی راستبازی عطا کرتا ہے (2 کرنتھیوں 5 : 21)۔ جب ہم اِیمان سے اِس سچائی کو قبول کرلیتے ہیں اور شخصی طور پر اسے حاصل کرلیتے ہیں، تو ہم اُس زندگی سے لطف اندوز ہونے کے لئے آزاد ہو جاتے ہیں جس کو دینے کے لئے خُداوند یسوع مسیح نے موت سہی۔
اطمینان بہت زبردست چیز ہے ۔۔۔۔ یہ حقیقی طور پر بادشاہی کی نعمت ہے۔ اس لئے ہم اطمینان کی تلاش کرتے ہیں، اس کے مشتاق ہوتے ہیں اور اس کے پیچھے جاتے ہیں (زبور 34 : 14؛ 1 پطرس 3 : 11)۔ جتنا ہم خُدا کی قربت حاصل کرتے ہیں اتنا ہی ہم یہ سمجھتے ہیں کہ خُداوند یسوع ہمارا اطمینان ہے (افسیوں 2 : 14)۔ آپ کے لئے اور میرے لئے خُدا کی مرضی یہ ہے کہ ہم اُس اطمینان سے لطف اندوز ہوں جو سمجھ سے بالکل باہر ہے (فلپیوں 4 : 7)۔
شادمانی کا مطلب ہلکی سی مسکراہٹ یا کھلکھلا کر ہنسنا ہوسکتا ہے۔ خوشی ہماری صورت، صحت اور زندگی گزارنے کے معیار کو بُلند کرتی ہے۔ یہ دوسروں کے سامنے ہماری گواہی کو مضبوط کرتی ہے اور ہمیں زندگی کے لئے الہیٰ نظریہ پیش کرتی ہے (نحمیاہ 8 : 10)۔
خُدا کے کلام میں یہ بات بالکل واضح ہے کہ : خُدا کی بادشاہی کی تلاش کرو اور باقی باتوں کو وہ خود سنبھال لے گا (متّی 6 : 33)۔
خدا کی بادشاہی میں زندگی گزارنے سے بہتر کوئی زندگی نہیں ہے۔