کیونکہ میں خُداوند تیرا خُدا تیرا دہنا ہاتھ پکڑ کر کہوں گا مت ڈر۔ میں تیری مدد کروں گا۔ (یسعیاہ ۴۱ : ۱۳)
ہوسکتا ہے کہ ہم اپنے خیال کے مطابق بہت اچھّی طرح زندگی گزاررہے ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ ہمیں ہربات میں مدد کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں ہر طرح کی مدد کی ضرورت ہے۔ اکثر یہ جاننے میں بہت وقت لگ جاتا ہے کہ ہمیں کتنی مدد کی ضرورت ہے۔ ہم یہ یقین کرنا پسند کرتے ہیں کہ ہم اپنے بَل بوتے پر، کسی کی مدد کے بغیر، خود مختاری سے سب کچھ کرسکتے ہیں۔ بہرحال خُدا نے ہمارے لئے ایک الہیٰ مددگار بھیجا ہے؛حقیقت میں ہمیں مدد کی ضرورت رہتی ہے۔ خُداوند یسوع مسلسل ہمارے لئے شفاعت کرتا ہے کیونکہ وہ خُدا کے دہنی ہاتھ پر بیٹھا ہے (دیکھیں عبرانیوں ۷ : ۲۵؛ رومیوں ۸ :۳۴)، اور ہمیں بتاتا ہے کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں ہروقت خُدا کی مداخلت کی ضرورت ہے ۔ دراصل ہم بہت ضرورت مند ہیں اور اپنے بل بوتے پر زندگی کو سنبھالنے کے قابل نہیں ہیں۔
اگرچہ تھوڑی دیر کے لئے ایسا لگتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں اوراپنے آپ کو بہت اچھّے طریقہ سے سنبھال رہے ہیں لیکن اگر ہم الہیٰ مدد کے بغیر اپنے زور میں زندگی بسر کرتے ہیں توجلد یا بدیر کچھ نہ کچھ ایسا ہوتا ہے جس سے حالات بگڑنے لگتے ہیں ۔
بہت دفعہ سب کچھ اچھّا ہوتا ہے جب تک کہ مصیبت نہیں آجاتی۔ یہ ناکام شادی، کسی پیارے کی موت، بے روز گاری یا کسی اور اہم بات کی شکل میں ہمارے سامنے آتی ہے۔ لیکن آخر کارہم سب ایسے مقام تک پہنچ جاتے ہیں جہاں ہمیں اپنی ضرورت کو پہچاننا ہی پڑتا ہے۔
اگر ہم خُدا کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنا چاہتےہیں یعنی راستبازی، اطمینان اورخوشی سے معمورہوکر(دیکھیں رومیوں ۱۴ : ۱۷) تو ہمیں اِقرارکرنا پڑے گا کہ ہمیں مدد کی ضرورت ہےجو ہمیں پاک روح سے مِل سکتی ہے جِسے خُدا نے ہماری مدد کے لئے بھیجا ہے۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: اِقرا کریں کہ آپ کو مدد کی ضرورت ہے اور پاک روح پر مدد کے لئے بھروسہ کریں۔