
مُحبّت ِاس میں نہیں کہ ہم نے خُدا سے مُحبّت کی بلکہ اِس میں ہے کہ اُس نے ہم سے مُحبّت کی اور ہمارے گناہوں کے کفارہ کے لئے اپنے بیٹے کو بھیجا۔ 1 یُوحنّا 4 : 10
ہم میں سے اکثر لوگ اِس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ خُدا دنیا سے پیار کرتا ہے، لیکن ہمیں اس بات کا کوئی خاص اندازہ نہیں ہے کہ وہ ہم سے انفرادی طور پر کتنا پیار کرتا ہے یا شاید ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ خُدا ہم سے صرف اُس وقت پیار کرتا ہے جب ہم اچھّے کام کرتے ہیں لیکن اُس وقت نہیں جب ہم سے کوئی غلطی یا گناہ سرزد ہوجاتا ہے۔ خُدا کی مُحبّت کی بنیاد ہمارے کاموں پر نہیں بلکہ اُس کے کردار پر ہے۔ ہمارے لئے اُس کی مُحبّت کی کوئی اِنتہا نہیں ہے، ہماری زندگی کا کوئی بھی ایسا لمحہ نہیں جس میں وہ ہم سے مُحبّت نہیں کرتا!
خُدا آپ سے پیار کرتا ہے! آپ اُس کے لئے خاص ہیں۔ وہ آپ سے اِس لئے پیار نہیں کرتا کیونکہ آپ اچھّے انسان ہیں یا سب کام اچھّے طریقہ سے سرانجام دیتے ہیں۔ وہ آپ سے اِس لئے پیار کرتا ہے کیونکہ وہ مُحبّت ہے۔ مُحبّت ایسا جذبہ نہیں ہے جو خُدا کرتا ہے، وہ تو خود یعنی خُدا مُحبّت ہے۔
خُدا کی مُحبّت کو نہ تو خریدا جاسکتا ہے اورنہ ہی یہ ہمارا حق ہے۔ ہمیں اِسے صرف اِیمان سے حاصل کرنا چاہیے۔ وہ اَبدی خُدا ہے، اور وہ تھکتا نہیں ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ یہ سوچتے ہیں کہ ہم نے اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کے باعث خُدا کو تھکا دیا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے کہ وہ ہر اس کام کو پسند نہ کرے جو آپ کرتے ہیں لیکن وہ آپ سے پیار کرتا ہے۔ مُحبّت اُس کی اَبدی ہستی کا حصہ ہے۔
اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس قدر جانفشانی سے خُدا کی باتوں کی تلاش کرتے ہیں لیکن اگر آپ اِس حقیقت سے واقف نہیں ہیں ہے کہ خُدا آپ سے پیار کرتا ہے تو آپ زیادہ ترقی نہیں کرسکتے، اور نہ ہی کچھ زیادہ حاصل کرپائیں گے۔
آپ خُدا کو خود سے مُحبّت کرنے دیں۔ اپنے لئے اُس کی مُحبّت کو حاصل کریں۔ اس پر غور کریں۔ اس کو موقع دیں کہ وہ آپ کو زور دے اوروہ آپ کو اپنی قربت بخشتے گا۔ اور پھر ایسے مواقعوں کی تلاش کریں جس میں آپ اس مُحبّت کو دوسروں کے ساتھ بانٹ سکیں۔
اگر آپ دُنیا کے واحد انسان بھی ہوتے تو تب بھی خُداوند یسوع آپ کے لئے ان سارے دُکھ میں سے گزرے ہوتے۔