وُہی [روح] خُدا کی ملکیت کی مخلصی کے لئے ہماری میراث [پہلے پھل، وعدہ اور پیشگی جھلک، ہماری میراث کی ظمانت] کا [مکمل] بیعانہ ہے تاکہ اُس کے جلال کی ستایش ہو۔ (افسیوں ۱ : ۱۴)
پاک رُوح اُن اچھی چیزوں کا بیعانہ ہے جو آنے والی ہیں۔ میں اکثر کہتی ہوں، خاص کر جب میں زور سے پاک رُوح کی معموری کو محسوس کرتی ہوں کہ، ’’اگر یہ اتنا اچھّا ہے تواُس کی پوری معموری کے جلال کا تصور کرنا کہ وہ کیسا ہوگا ممکن ہی نہیں ہے!‘‘ اگر یہاں ہم اپنے حصّہ کا، کیونکہ وہ ہماری میراث ہے، دس فیصد تجربہ کرتے ہیں (عموماً یہ وہ رقم ہے جو بیعانہ کے طور پر دی جاتی ہے) ذرا تصور کریں کہ جب ہم خُدا کو روبرو دیکھیں گے تو کیسا ہوگا، وہاں آنسو نہیں ہوں گے، وہاں دُکھ نہیں ہوگا، موت نہیں ہوگی۔ یہ تصورہمیشہ مجھے حیرت میں ڈال دیتا ہے۔
افسیوں ۱ : ۱۳ ۔۱۴ میں بائبل بیان کرتی ہے کہ ہم پر پاک رُوح کی مہر لگی ہے اور وہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ہم صیح سلامت اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے، گناہ اوراس کے اثرات سے چھٹکارے کے آخری دِن میں تمام تباہی سے محفوظ ۔ اُس عجیب دِن کے بارے میں سوچیں ۔۔۔۔۔۔ پاک رُوح ہم میں ہے، آخری آرام گاہ کے لئے بچائے ہوئے، جو قبر میں نہیں بلکہ خُدا کی حضوری میں آسمان پر ہوگا۔
پاک رُوح یہاں اور ابھی ہمارے لئے عجیب کام کرتا ہے۔ وہ ہم سے باتیں کرتا ہے، راھنمائی کرتا ہے، مدد کرتا ہے، تعلیم دیتا ہے، ہمیں صلاح دیتا ہے، قوت بخشتا ہےتاکہ ہم اپنی زندگیوں میں خُدا کے شاندار منصوبوں کو پورا کریں اور اس کے علاوہ بہت کچھ ۔ لیکن اس زمینی زندگی میں شاندار تجربات کے باوجود یہ ان باتوں کی محض جھلک ہے جن کے ہم منتظر ہیں۔ ہمارے پاس بعیانہ موجود ہے لیکن بہت کچھ آنے والا ہے!
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: یہ خیال تحفظ بخش ہے کہ آپ کی میراث کا بیعانہ دیا جاچکا ہے۔