پس توبہ کرو(اپنی سوچ اور مقصد کو تبدیل کرو) اورجوع لاوٗ [خُدا کی طرف] تاکہ تمہارے گناہ مٹائے جائیں (ختم ہوں ، پونچھ کرصاف کئے جائیں) اوراِس طرح خُداوند کے حضور سے تازگی کے دن آئیں۔ (اعمال ۳ : ۱۹)
خُدا اپنی حضوری کو بہت سے طریقوں سے ظاہر کرتا ہے۔ بہت دفعہ ہم اُسے دیکھ نہیں سکتے لیکن اُن کاموں کو دیکھ سکتے ہیں جو وہ ہمارے اندر کرتا ہے جیسا کہ ہم ہوا کو نہیں بلکہ اس کے اثرات کو دیکھ سکتے ہیں ۔ جب میں تھک جاتی ہوں، ماندہ ہوجاتی ہوں، پریشان ہوجاتی ہوں یا کسی بات کے لئے فکرمند ہوتی ہوں توخُدا کے ساتھ وقت گزار نے سے تازہ دَم ہوجاتی ہوں میں محسوس کرتی ہوں کہ خُدا کا روح میرے اُوپر جنبش کرتا ہے۔
خُدا آپ کی زندگی میں تازگی لانا چاہتا ہے۔ آپ اندر ہی اندر دُکھی اور پریشان نہ ہوں کیونکہ جواب آپ کے اندر ہی موجود ہے۔ اگرآپ کے پاس خُدا کے ساتھ رفاقت رکھنے کا وقت نہیں ہے تو پھر آپ واقعی بہت مصروف ہیں پس اپنے اوقات میں تبدیلی پیدا کریں۔ تھک کر چور نہ ہوں، پریشان نہ ہوں، ماندہ نہ ہوں اور ذہنی تناوٗ کا شکار نہ ہوں جب کہ تازگی کا وقت آپ کے لئے موجود ہے۔
زندگی کی مصروفیات میں سے خُدا کے لئے وقت نکالنا سیکھیں جیسا کہ خُداوند یسوع مسیح نے کیا۔ خدا کے ساتھ وقت گزارنے کے لئے آپ کواپنے اِرد گرد موجود لوگوں کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ کوئی نہ کوئی ضرورآپ کو ضروری کام بتاتا رہے گا! اگر ممکن ہو توہرصبح سب سے پہلے خُدا کے لئے وقت مقررکریں اس کے بعد سارا دن ’’تھوڑا وقت‘‘ نکالنے کی کوشش کریں۔ جو کام بھی آپ کررہے ہیں اس کو دوتین منٹ کے لئے روک کر؛ گہری سانس لیں تاکہ آپ آرام کریں اور خُدا کوبتا سکیں کہ آپ اُس کو کتنا پیار کرتے ہیں اور آپ کو اس کی کتنی ضرورت ہے۔ باقی وقت میں اس کے سامنے خاموش رہیں ، آپ عجیب تازگی محسوس کریں گے۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: ماندہ اور پریشان نہ ہوں ؛ خُداوند کے حضور تازہ دَم ہونے کے لئے وقت نکالیں۔