’’ہاں میری روح تیری جستجو میں کوشاں رہے گی کیونکہ جب تیری عدالت زمین پر جاری ہے تو دُنیا کے باشندے صداقت سیکھتے ہیں ۔‘‘ (یسعیاہ ۲۶: ۹)
دنیا کے بہت سے کاموں کی وجہ سے خد اکی آواز دب کر ہماری زندگیوں میں پسِ پشت چلی جاتی ہے۔ان توجہ ہٹانے والے کاموں میں ٹی .وی.، ریڈیو،کھانا پکانا اور بہت سے مشاغل شامل ہیں ۔ بعض اوقات ہماری کلیسیا ئی مصروفیات بھی خداوند سے ہماری توجہ کو ہٹا دینے کا سبب بنتی ہیں ۔
بہر حال ہر شخص کی زندگی میں ایسا وقت بھی آتا ہے جب صرف خدا رہ جاتا ہے اور باقی تمام کام مٹ جاتے ہیں:اور جب ایسا ہوگا خدا موجود رہے گا۔
بائبل بیان کرتی ہے کہ جو کچھ خداکی نسبت معلوم ہو سکتا ہے وہ ان کےباطن میں ظاہر ہے (دیکھیں رومیوں ۱: ۱۹۔ ۲۱)۔پس ہم میں سے ہر ایک خدا کواپنا حساب دے گا(دیکھیں رومیوں ۱۴: ۱۲)۔
جب لوگ خدا کی خدمت سے کتراتے اور اپنی مرضی کے مطابق زندگی بسرکرنا چاہتے ہیں تو وہ اپنے خالق کی اس آواز کو جو ان کے باطن میں پوشیدہ ہے دبا دیتے یا نظر انداز کر دیتے ہیں ،اگرچہ وہ ان سے کلام کرنا اور ان کی رہنمائی کرنا چاہتا ہے۔
لیکن خدا کے لئے ہماری باطنی تڑپ کو صرف خدا کی رفاقت اور شراکت ہی سےتسکین مل سکتی ہے۔یسعیاہ نے خد اکے لئے ہماری بھوک کو اس طرح سےبیان کیا ہے کہ ’’رات کو میری جان تیری(اے خداوند) مشتاق ہے،ہاں میری روح تیری جستجو میں کوشا ں رہے گی…‘‘ (یسعیاہ ۲۶: ۹)۔
اگر ہم اپنی زندگی میں اس کے منصوبے کے مطابق زندگی بسر کرکےشادمانی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو خدا کی آواز کو سننا بہت اہم ہے۔خدا کی آواز کو سننا ہمارا شخصی فیصلہ ہے، کوئی دوسرا شخص ہماری جگہ یہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔خدا اپنی مرضی کے لئے ہمیں مجبور نہیں کرتا،لیکن وہ ہر طرح سے ہماری حوصلہ افزائی کرتا ہے تا کہ ہم اس کی مرضی پر لبیک کہیں۔
پس غور کریں کہ وہ کون سے کام ہیں جو آپ کی توجہ ہٹانے کا سبب ہیں ، نامناسب تعلقات، نوکری یابری عادت؟ خدا ہم کلام ہے اور وہ ہم سے رفاقت رکھنا چاہتا ہے ۔ اس لئے تمام رکاوٹوں کو دور کرکے اس سے آملیں ۔
یہ دُعا کریں۔
خداوند یسعیاہ کی طرح میری روح تیرے لئے تڑپتی ہے۔میں جانتا / جانتی ہوں کسی بھی اور چیز سے زیادہ مجھے تیری آواز سننے کی ضرورت ہے۔ میَں جانتا/جانتی ہوں کہ جب میَں اپنی مصروفیات سے چھٹکارا حاصل کر لوں گا/گی تو اپنی وفاداری میں مجھ سے رفاقت رکھے گا۔