
یعنی خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ پِچھلی باتوں کو یاد نہ کرو اور قدِیم باتوں پر سوچتے نہ رہو۔ یسعیاہ 18:43
مسیح میں زندگی بسر کرنے کے تعلق سے بہت سی باتوں میں سے ایک خوبصورت حقیقت یہ ہے کہ ہر دن ایک نئی شروعات ہے — ایک تازہ شروعات۔ ہمیں گزرے کل کے بارے میں پچھتانے یا آنے والے کل سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم آج کے دِن میں خُوشی منا سکتے ہیں اورموجودہ وقت میں خُدا کی حضوری کے لیے شُکرگزاری کرسکتے ہیں۔
ایک کہاوت جومجھے بہت پسند ہے کچھ یوں ہے کہ: "گزرا ہوا کل تاریخ کا حصّہ بن چکا ہے۔ آنے والا کل ایک بھید ہے۔ آج کا دِن ایک تحفہ ہے؛ اِس لیےاسے انگریزی میں پریزنٹ(زمانہ حال) کہتے ہیں۔”
ہم اپنی زندگی کے ہر لمحے سے لطف اندوزہوسکتے ہیں اِس لئے چاہیے کہ ہم حال یعنی موجودہ وقت پرنظریں مرکوز رکھیں۔ ہمیں ہر وقت ماضی کے بارے میں سوچتے رہنے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی ہمیں مستقبل کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند ہونا چاہیے لیکن ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ موجودہ لمحہ ہمارے لئے خُدا کا تحفہ ہے۔ آئیے آج کے لیے شُکر گزار ہونے کا فیصلہ کریں، اسے پوری طرح سے جیئیں، اور اس کے ہر حصے سے لطف اندوز ہوں!
شُکرگزاری کی دُعا
اَے باپ آج کے دن یعنی اِس تحفہ کے لیے تیرا شُکریہ۔ میرے ماضی کے مسائل یا مستقبل کے چیلنجوں سے قطع نظر، مَیں تیرے ساتھ حال میں اپنی زندگی خُوشی سے منانے کا انتخاب کرتا/کرتی ہوں۔ تیرا شُکریہ کہ یہ وہ دن ہے جو تُو نے بنایا ہے؛ مَیں اس میں شادمان اور مسرور ہوں گا/گی۔