
خداوند میں مسرور رہ اور وہ تیرے دل کی مرادیں پوری کرے گا۔ ( زبور ۳۷ : ۴ )
خدا ہمارے دِل میں پاکیزہ خواہشات پیدا کرنے کے وسیلہ سے بھی ہم سے بات کرتا ہے ۔ خدا درست خواہشات ہمارے دل میں ڈالتا ہے اور پھر وہ ہماری ان خواہشات کو پورا بھی کرتاہے۔ مجھےیاد ہے کہ ایک بار مجھے گھر کی بنی ہوئی مخصوص بریڈ کھانے کی خواہش پیدا ہوئی لیکن نہ تو میں بریڈ بنانا جانتی تھی اور نہ ہی میرے پاس بریڈ بنانے کا وقت تھا۔ میں نے سادگی سے دعا کی کہ ’’اَے خُداوند میں زوکینی بریڈ کھانا چاہتی ہوں‘‘ اور پھر میں یہ بات بھول گئی۔ ایک ہفتہ کے بعد ایک خاتون جو میری اس خواہش سے بالکل ناواقف تھی نے ایک ڈبہ میرے سپرد کیا اور جب میں نے اسے کھولا تو اس میں زوکینی بریڈ موجود تھی۔ خداہمارے لئے چھوٹے اور بڑے کام کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہے اور ہمیں کبھی بھی ان تمام باتوں کے لئے اس کا شُکر کرنا بھولنا نہیں چاہیے۔
ہمیں خُدا سے مقّدس یا پاک خواہشات کے لئے دُعا کرنی چاہیے۔ اکثراوقات ہماری خواہشات جسمانی چیزوں کے لئے ہوتی ہیں مثلاً کامیابی، دولت، آرام دہ گھر اور اچھّے تعلقات لیکن ہمیں روحانی چیزوں کی بھی آرزو کرنی چاہیے۔ ہمیں خدا کو گہرائی اور قریب سے جاننے، ہمیشہ روح کا پھل خصوصاً محبت سے بھرے رہنے کی خواہش، خدا کی خدمت کے وسیلہ سے اس کے نام کو جلال دینے کی خواہش، ہمیشہ خدا کی فرمانبرداری وغیرہ وغیرہ کرنے کی خواہش بھی کرنی چاہیے ۔ آئیں خدا سے دُعا کریں کہ وہ ہمارےاندر سے جسمانی خواہشات کو نکال دے اور ہمیں پاک خواہشات عطا کرے۔
خدا ہمارے اندر ایسی خواہشات ڈالتا ہے جو اس کی راستبازی، اطمینان اور خوشی ہماری زندگیوں میں بھردیتی ہیں(دیکھیں رومیوں ۱۴ : ۱۷)، اور وہ کبھی بھی خدا کے کلام کے خلاف نہیں ہوتیں۔
غلط خواہشات ہمیں عذاب میں ڈال دیتی ہیں اور ان کو پانے کے لئے ہم بے تاب ہوتے ہیں۔ لیکن پاک خواہشات کے ساتھ ہم خدا کے وقت اور راہنمائی کا انتظار کرنے کے لئے رضامند رہتے ہیں۔
آج کے لئے آپ کے لئے خدا کا کلام: اپنی خواہشات کو خُدا کے سامنے رکھیں، ان کے بارے میں دُعا کریں اور خدا پر بھروسہ کریں کہ اگر وہ مناسب سمجھے تو اپنے وقت کے مطابق ان کو پورا کرے۔