
تو مجھ کو اپنی راہ بتا جس سے میں تجھے پہچان لوں (درجہ بدرجہ میں تجھ کو اور زیادہ گہرائی اور قریب سے جان لوں)… ( خروج ۳۳: ۱۳)
جب آپ خُدا کے ساتھ وقت گزارتے ہیں تو ظاہر ہو جاتا ہے۔ کیونکہ آپ زیادہ پُرسکون ہوجاتے ہیں؛ آپ کے ساتھ تعلقات بنانا آسان ہوجاتا ہے؛ آپ زیادہ شادمان ہو جاتے ہیں؛ اور آپ ہر قسم کے حالات میں زیادہ مستحکم رہتے ہیں۔ خدا کے ساتھ معیاری وقت گزارنا ایک سرمایہ کاری ہے جس سے قیمتی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ آپ یہ سمجھنا شروع کردیتے ہیں کہ اس کو کیا پسند ہے اور کس چیز سے اُسے تکلیف پہنچتی ہے۔ یہ کسی دوست کے ساتھ کی مانند ہے، جتنا آپ خدا کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں اتنا ہی آپ اُس کی مانند بنتے جاتے ہیں۔
خُدا کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے سے آپ اُس کی محبت کے تعلق سے زیادہ حساس ہوجاتے ہیں جو وہ آپ اور دوسروں پر ظاہر کرنا چاہتا ہے۔ جب آپ کسی سے بات کرتے ہیں اور خدا آپ کے اندازِ گفتگو سے خوش نہیں ہوتا تو آپ کا ضمیر آپ کو آگاہ کرے گا۔ جب اُس کا دِل اداس ہوتا ہے تو آپ کا دِل بھی اُداس ہوجاتا ہے اور آپ فوراً دُعا کرتے ہیں کہ ’’اَے خُدا ،میں معافی کا خواستگار ہوں‘‘۔آپ فوری طور پر اس شخص سے معافی مانگنا چاہتے ہیں جس کو آپ نے تکلیف پہنچائی ہے اور اپنے آپ کو یہ کہتے ہوئے پائیں گے کہ ’’میں معافی چاہتا/چاہتی ہوں میرا مقصد آپ کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔‘‘ اور ایسا کرنا آپ کے لئے مشکل نہیں ہوگا۔
جب خُدا نے موسیٰ کو بتایا کہ تجھ پر میرے کرم کی نظر ہے (دیکھیں خروج ۳۳ : ۱۲)،تو موسیٰ نے یہ جان لیا کہ کہ وہ اپنے دِل کی خواہش کے مطابق خدا سے مانگ سکتا ہے۔
موسیٰ نے جواب میں کہا کہ وہ صرف خدا کواور قریب سے جاننا چاہتا ہے۔ موسیٰ وہ شخص تھا جس کے سامنے خدا نے تاریخ کے سب سے شاندار معجزات کیے اس کے باوجود وہ محض خدا کو قریب سے جاننے کا خواہشمند تھا۔
میری دعا ہے کہ خدا کو جاننا آپ کے دل کی چاہت ہو۔ جیسے آپ چاہیں اسی قربت اور وضاحت سے آپ اس کو جان سکیں اور اس کی آواز سن سکیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ آپ اس کےساتھ وقت گزاریں۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: خدا کسی کا طرفدار نہیں البتہ اس کے قریبی دوست ہیں۔