…میں نے تجھ سے اپنی اَبدی محُبّت رکھی اِسی لئے میں نے اپنی شفقت تجھ پر بڑھائی۔ یرمیاہ 31 : 3
بہت سے لوگ خود کو زیادہ پسند نہیں کرتے ہیں۔ وہ اپنے بارے میں بہت زیادہ تنقید کرتے ہیں؛ وہ خود کو رد کردیتے ہیں اور شاید خود سے نفرت بھی کرتے ہوں۔ بائبل ہمیں سیکھاتی ہے کہ ہم خود غرض اور مطلب پرست نہ ہوں لیکن بائبل میں ہمیں ایسی کوئی ہداہت نہیں ملتی کہ ہم خود سے متوازن انداز سے پیار نہیں کرسکتے۔ میں ہمیشہ یہ کہتی ہوں کہ "اپنی ذات کے عشق میں مبتلا نہ ہوں لیکن خود سے پیار ضرور کریں۔” اگر آپ خود سے پیار نہیں کریں گے تو آپ دُکھی ہوجائیں گے کیونکہ آپ ہمیشہ اپنے ساتھ ہی رہتے ہیں۔ آپ وہ واحد ہستی ہیں جو خود سے کبھی بھی جُدا نہیں ہوسکتی، اپنی زندگی کے ایک سیکنڈ بھی نہیں۔
ایک دفعہ میں نے ایک نوجوان عورت کو کسی پاسڑ سے یہ درخواست کرتے ہوئے سُنا کہ وہ اس کے لئے دُعا کرے کیونکہ وہ خود سے نفرت کرتی ہے۔ اس نے اس کی طرف دیکھا اور مایوسی سے ایک قدم پیچھے ہٹ گیا۔ اس نے بڑے واضح انداز میں یہ کہا کہ ” جب خُدا نے اپنے اکلوتے بیٹے کو بھیج دیا کہ نہایت دُکھ برداشت کرے اور تمہاری خاطر مر جائے تو تم کون ہوتی ہو خود سے اس قدر نفرت کرنے والی؟ اگر خُدا نے تم سے اس قدر پیار کیا ہے، یقیناً تم بھی خود سے پیار کرسکتی ہو۔”
اُس کی بات نے اس عورت کی آنکھیں کھول دیں اور اُسے پتہ چل گیا کہ وہ غلط تھی، اور اس نے خود کو قبول کرنے اور پیار کرنے کے بارے میں سیکھنے کا سفر شروع کردیا۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ آپ بھی ایسا ہی کریں۔ اِیمان کا قدم بڑھائیں اور کہیں ” میں خُدا کی مُحبّت کے وسیلہ سے خود سے پیارکرتا/ کرتی ہوں۔ میں خود کو قبول کرتا/کرتی ہوں۔”
جب آپ خود کو اس نظر سے دیکھیں گے جس سے خُدا آپ کو دیکھتا ہے تو آپ کا پورا مزاج اور رویہ بدل جائے گا۔ آپ زیادہ مثبت اور پُراعتماد شخصیت بن جائیں گے اور آپ اپنی زندگی سے بہت زیادہ لطف اندوز ہونا شروع ہوجائیں گے۔
کیونکہ خُدا آپ سے مُحبّت کرتا ہے، آپ بھی خود سے پیار کرسکتے ہیں۔