وہ وہی چٹان ہے ۔ اُس کی صنعت کامل ہے کیونکہ اُس کی سب راہیں انصاف کی ہیں۔ وہ وفادار خُدا اور بدی سے مُبّرا ہے۔ وہ مُنِصف اور برحق ہے۔ استثنا 32 : 4
خدا ہمیشہ ہم سے غیر مشروط مُحبّت کرتا ہے۔ ایسا ہرگزنہیں ہے کہ جب ہم اچھّا برتاؤ کرتے ہیں تو ہم سے مُحبّت کرتا ہے اور جب ہم بُرے بن جاتے ہیں تو وہ ہم سے مُحبؔت کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ وہ ہمیشہ ہم سے پیار کرتا ہے۔ وہ ہمیشہ رحیم ہے اور قہر کرنے میں دھیما، ہمیشہ رحم اور فضل سے بھرا ہوا اور ہمیشہ معاف کرنے کے لئے تیارہے۔
خُدا ایک چٹان ہے، جو لاتبدیل ہے اور جس کو کوئی ہلا نہیں سکتا۔ وہ عظیم اور لازوال ہے، وفادار اور منصف اور جو کچھ وہ کرتا ہے اس سب میں کامل اورراست ہے۔ وہ نہ تو کبھی ہمیں چھوڑے گا اور نہ ہی کبھی ہم سے دست بردار ہوگا۔
اگر ہم خُدا کی مانند بن جائیں تو ہماری اپنی زندگی اور ہمارے اِرد گرد لوگوں کی زندگی کیسی ہوگی؟ اگر ہم ہمیشہ مُحبّت کرنے والے، قہر کرنے میں دھیمے، ہمیشہ فضل اور رحم سے بھرے رہیں اور ہمیشہ معاف کرنے کے لئے تیار رہیں تو کیسا ہوگا؟ اور اگر ہم اپنے خُدا کی مانند ہمیشہ مثبت، پرسکون اور بے لوث ہوں تو کیسا ہوگا؟ وہ ہماری چٹان ہے لیکن ہمارے لئے ایک نمونہ بھی ہے۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ہم اُس کی مانند بنیں۔
ہم سب روحانی طور پر بڑھ سکتے ہیں اور مسیح کے ہمشکل بن سکتے ہیں۔ خُدا ہم سے یہ توقع نہیں کرتا کہ ہم ایک ہی رات میں کامل ہو جائیں لیکن وہ ہماری مدد کرنا چاہتا ہے تاکہ ہم روز بروز اُس کی مانند بنتے جائیں۔
خُدا ہر روز ہماری مدد کرتا ہے تاکہ ہم اس کی مانند بنیں۔ لمبے سفر سے پریشان نہ ہوں بلکہ اس بات سے خوش ہوں کہ آپ آگے بڑھ رہے ہیں۔