
کیونکہ میں تمہارے حق میں اپنے خیالات کو جانتا ہوں خُداوند فرماتا ہے یعنی سلامتی کے خیالات۔ برائی کے نہیں تاکہ میں تم کو نیک انجام کی اُمید بخشوں. یرمیاہ 29 : 11
اگرآپ کا اپنی شخصیت کے بارے میں تصور بُرا ہے تو یقیناً اس سے آپ کا ماضی بُری طرح متاثر ہوا ہے لیکن آپ شفا پا سکتے ہیں تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ جو کچھ ہوچکا ہے یعنی وہ ساری منفی باتیں جو آپ اپنے بارے میں سوچتے رہے ہیں اُنہیں پیچھے چھوڑ کر اُن چیزوں کی طرف بڑھیں جو خُدا نے آپ کے لئے رکھ چھوڑی ہیں۔
خُدا کا ہم میں سے ہر ایک کے لئے ایک اچھّا منصوبہ اور اِرادہ ہے اور اِس کے پورا ہونے کے لئے مخصوص راستہ اور کامل وقت ہے، لیکن ہم میں سے ہرایک کو اس کا تجربہ نہیں ہوتا۔ بہت دفعہ ہم اُس معیار سے جو خُدا ہمارے لئے چاہتا ہے نہایت پست زندگی بسر کرتے ہیں۔
بہت سالوں تک میں نے اپنےاُن استحقاق اور حقوق کا تجربہ نہیں کیا جو خُدا کے فرزند کی حیثیت سے مجھے ملے تھے۔ اگرچہ میں مسیحی تھی اور میرا اِیمان تھا کہ جب میں رحلت کروں گی تو آسمان پر جاؤں گی۔ میں یہ نہیں جانتی تھی کہ میرے ماضی، حال یا مستقبل کے لئے کوئی اُمید موجود ہے۔ اپنے بارے میں میرے تصورات بُرے تھے اور اس کا اَثر میری روزمرہ کی زندگی کے ساتھ ساتھ میرے مستقبل کے تصور پر بھی ہورہا تھا۔
آج آپ خُد ا کی اُس مُحبّت کو قبول کریں جو وہ آپ سے کرتا ہے اور اُس کی مُحبّت کو بنیاد بنا کر خود سے پیار کریں اور خود کو قبول کریں۔ اس بات کا اِقرار کریں یعنی یہ جان لیں کہ آپ تبدیل ہورہے ہیں اور اُس کی خواہش کے مطابق ڈھل رہے ہیں۔ پھر اپنی ذات اور اپنے مقام سےخوش ہونا شروع ہوں یعنی پوری روحانی بلوغت کے راستہ پرگامزن ہوں۔
خُدا کو خُدا مانیں۔ اُس کو ڈرائیور کی جگہ دیں۔ وہ جانتا ہے کہ وہ کیا کررہا ہے۔