جو مُحبّت خُدا کو ہم سے ہے اُس کو ہم جان گئے (سمجھ گئے، پہچان گئے ، باخبر ہوگئے ہیں دیکھنے اور تجربہ کرنے سے) اور ہمیں اُس کا یقین (اُس کی پیروی کرتے ہیں، اُس پر اِیمان رکھتے اور تکیہ کرتے ہیں) ہے۔ خُدا مُحبّت ہے اور جو مُحبّت میں قائم رہتا ہے وہ خُدا میں قائم رہتا ہے اور خُدا اُس میں قائم رہتا ہے۔ 1 یُوحنّا 4 : 16
1 یُوحنّا 4 : 16 میں بائبل ہمیں ہدایت دیتی ہے کہ ہم خُدا کی مُحبّت کو "سمجھیں، پہچانیں” اور اُس سے”آشنا” ہوں۔ خُدا کے ساتھ نزدیکی اورشخصی تعلق میں رہنے کا مطلب ہے کہ ہم ہر وقت اُس کی مُحبّت سے باخبر رہیں جب ایسا ہوگا تو ہم دنگ رہ جائیں گے کیونکہ جب ہم اُس کی مُحبّت کے لائق بھی نہیں ہوتے اُس وقت بھی وہ ہم پر اپنی مُحبّت کو ظاہر کرتا ہے ۔
اِس کے لئے میں آپ کو ایک طریقہ بتاتی ہوں اورآپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ آپ اپنے لئے ایک یادگاری کی کتاب لکھیں، ایسی کتاب جس میں آپ وہ سب خاص کام قلمبند کریں جو خُدا آپ کے لئے کرتا ہے۔ جب آپ غور کرنا اوراِس طرح سے خُدا کی بھلائیوں کو تحریر کرنا شروع کریں گے تو آپ حیران رہ جائیں گے کہ کتنی مرتبہ (چھوٹی اور بڑی باتوں میں) خُدا نے عملی طور پر اپنی مُحبّت کو آپ کی زندگی میں ظاہر کیا ہے ۔
اگر آپ خُدا کو موقع دیں گے تو خُدا کی مُحبّت آپ کی زندگی کو تبدیل کرسکتی ہے۔ اس کے اندر آپ کو جذباتی زخموں سے شفا دینے کی قوّت بھی موجود ہے۔ اُس کی مُحبّت آپ کو مضبوط بناتی ہے تاکہ آپ مشکل حالات میں آگے بڑھ سکیں اور یہ آپ کے دِل کر نرم کرتی ہے تاکہ آپ دوسروں سے زیادہ مُحبّت کرنے کے قابل بن سکیں۔ کیا آپ اُس کی عظیم مُحبّت کے علاوہ کسی اورچیز سے "باخبر” رہنے کا تصور کرسکتے ہیں؟
شاید آج کے دِن سب سے بہترین کام جو آپ کرسکتے ہیں وہ ہے خُدا کی مُحبّت کا مشاہدہ کرنا، اُس کو پہچاننا اور شُکرگزاری کے ساتھ اس کی مُحبّت کا جشن منانا۔