
… (خُداوند) پست کرتا اور سرفراز بھی کرتا ہے۔ 1 سموئیل 2 : 7
ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ خُدا جسے چاہے اُسے گِرا سکتا ہے اور جسے چاہے اُسے اُٹھا سکتا ہے۔ کچھ ایسا ہی آستر کی زندگی میں بھی ہوا۔ خُدا نے اُسے گمنامی کے اندھیروں میں سے نکالا تاکہ اُس تمام سرزمین کی ملکہ بنائے۔ خُدا نےاُس کی زندگی میں شامل ہونے والے ہر شخص کے سامنے اُسےمقبولیت بخشی یہاں تک کہ وہ بادشاہ کی نگاہ میں بھی مقبول ٹھہری کیونکہ وہ خُدا کی نظر میں مقبول تھی۔
آستر نے اس مقبولیت کے ذریعہ سے خود کو اور اپنی قوم بنی اسرائیل، کو ہامان کے ہاتھوں قتل ہونے سے بچایا جو اُن کو تباہ کرنا چاہتا تھا۔ قوی امکان ہے کہ وہ بادشاہ کے سامنے جا کر یہ درخواست پیش کرنے سے ڈر رہی تھی کہ بادشاہ خود اس معاملہ میں دخل اندازی کرے کیونکہ ایسا کرنے سے اُسے اپنی جان کا خطرہ بھی درپیش تھا لیکن وہ بادشاہ کے پاس گئی کیونکہ وہ اپنی زندگی کی لئے خُدا پر بھروسہ کئے ہوئے تھی۔
آپ کی زندگی میں کیسے ہی حالات کیوں نہ پیدا ہوجائیں یعنی چاہے آپ کو دھمکایا جارہا ہے، ایذا پہنچائی جارہی ہے یا آپ کو زیادتی کا نشانہ بنایا جارہا ہے یا اگر کوئی شخص آپ سے کوئی ایسی چیز چھیننے کی کوشش کر رہا ہے جو آپ کا حق ہے جیسے کہ آپ کی نوکری، مکان، نام یا کوئی بھی چیز تو خُدا پر بھروسہ کریں کہ وہ اپنا مافوق الفطرت فضل آپ کو بخشے گا۔ مایوس کن حالات کے باوجود وہی ہے جو اُٹھا تا ہے اور وہی ہے جو گِراتا بھی ہے۔ اگر آپ کی زندگی اس کے ہاتھ میں ہے تو بھروسہ رکھیں کیونکہ خُدا کا نُور آپ پر چمکے گا تاکہ آپ کو فضل بخشے۔
زندگی خوف کے ساتھ نہ گزاریں؛ خُدا آپ سے پیار کرتا ہے وہ ہمیشہ آپ کی مدد کرے گا!