…کیونکہ جب ایک شخص کے گناہ سے بہت سے آدمی مر گئے تو خُدا کا فضل اوراُس کی بخشش ایک ہی آدمی یعنی یسوع مسیح کے فضل سے پیدا ہوئی بہت سے آدمیوں پر ضرور ہی اَفراط سے نازل ہوئی۔ رومیوں ۵: ۱۵
فضل خدا کی وہ قدرت ہے جو ہمیں اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے دی گئی ہے۔ لیکن اگر ہم اس کی مرضی کے برخلاف زندگی گزاریں گے تو وہ ہمیں اپنا فضل عطا نہیں کرےگا۔اگر وہ ہمیں کسی کام سے روک رہا ہے اور ہم پھر بھی وہ کرتے جا رہے ہیں تو ہم اس کے مسح کو کھونے کے تکلیف دہ تجربہ سے گزریں گے۔
فضل اور کسی کام کی قابلیت کے ایک ہی معنیٰ ہیں۔ خدا ہمیں فضل دیتا ہے تاکہ ہم اُس کے بلاوے کے مطابق زندگی بسر کریں۔اگر ہم اپنی مرضی کریں گے تو ہمیں اپنی زندگی اپنے بَل بوتے پر ہی گزارنی پڑے گی۔ جب ہم اس کی رہبری میں چلیں گے تو وہ ہمیں ہمیشہ وہ فضل اور قوت بخشے گا جواس کے بلاوے کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے ہمیں درکار ہے۔
اِس سچائی کا سب سے اچھّا پہلو یہ ہے کہ اگرچہ ہمارے پاس اس کے فضل کو حاصل کرنے کا چناوٗ موجود ہےتو بھی اُس کو پانے کے لئے ہمیں کچھ بھی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جب آپ خدا کے بلاوے کی پیروی کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ آپ کی مدد کو تیاراورراضی ہوتا ہے۔ یسوع آپ کے گناہوں کو ڈھانپنے کے لئے مرگیا تاکہ آپ خدا کے حضورروح القدس کی مدد سے راستبازی میں چلیں جو ہرروززندگی کے سفر میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔
آج میں آپ کو تاکید کرتی ہوں کہ خدا کے فضل اور قوت کو حاصل کرنے کے لئے تیاررہیں۔ اگر آپ کے اندر اپنی مرضی کرنے کا رجحان پایا جاتا ہے توخُداسے مدد مانگیں۔ وہ وفاداری سے ہمیشہ آپ کو اپنا فضل عنایت کرے گا۔
یہ دُعاکریں:
اَے پاک روح، میں اپنی زندگی میں تیرے فضل کے بنا کامیابی کی زندگی بسر نہیں کرسکتا/سکتی۔ میں تیرے بلاوے کی پیروی کرنا چاہتا/چاہتی ہوں اور میں تجھ سے دُعا کرتا/کرتی ہوں کہ میری مدد کرتا کہ میں ہر روزتیری مرضی کے مطابق جیوں۔