
آہ اَے خُداوند خُدا! دیکھ تو نے اپنی عظیم قدرت اور اپنے بُلند بازو سے آسمان اور زمین کو پیدا کیا اور تیرے لئے کوئی کام مشکل نہیں ہے۔ یرمیاہ 32 : 17
بہت سے کام ایسے ہیں جو ہمارے لئے اپنے زور میں پورے کرنا ناممکن ہیں۔ لیکن خُدا کے لئے ۔۔۔۔ اپنے زور میں ۔۔۔۔ سب کچھ ممکن ہے۔ خُدا کے لئے کوئی بھی کام مشکل نہیں ہے!
خُدا کی ہمارے لئے یہ چاہت ہے کہ ہم بڑے بڑے کاموں کے لئے اِیمان رکھیں۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم اس سے جو توقع رکھتے ہیں اور اس میں ہمارے جو منصوبے ہیں وہ اتنے عظیم ہوں کہ ان کے پورا ہونے پر ہمارا منہ کھلا کا کھلا ہی رہ جائے۔ جب ہم خُدا کے قریب ہوتے ہیں تو ہم بڑے بڑے خواب دیکھ سکتے ہیں کیونکہ ایسا کوئی کام نہیں جو وہ نہیں کرسکتا۔ یعقوب 4 : 2 میں بیان ہے کہ ہمیں ملتا نہیں ہے کیونکہ ہم مانگتے نہیں ہیں۔ ہم دلیری سے مانگ سکتے ہیں (اور ہمیں مانگنا بھی چاہیے)۔
ہوسکتا ہے کہ آپ سوچیں کہ میرے پاس تو بڑے کام کرنے کے لئے درکار صلاحیت اور قابلیت موجود نہیں ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ خُدا قابل لوگوں کو نہیں بلاتا: وہ جن کو بلاتا ہے اُن کو قابل بناتا ہے۔ اگر آپ خود کو پیش کریں گے، خُدا آپ کی زندگی کو اس طرح سے استعمال کرے گا جس کا آپ تصور بھی نہیں کرسکتے۔
آج اپنی زندگی میں خُدا کو محدود نہ کریں۔ ایِمان کا بڑا قدم بڑھائیں اور بھروسہ رکھیں کہ وہ کچھ ایسا عظیم کام کرسکتا ہے جو آپ کے خیال میں کبھی ممکن نہیں ہوتھا۔ آپ کی زندگی کے لئے اس کے منصوبے آپ کے تصور اور خیال سے بہت بُلند ہیں۔ اِس لئے یہ اِقرار کریں "خُداوند جو کچھ تو میری زندگی کے لئے منصوبہ رکھتا ہے میں اُس کےلئے تیار ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ جو کچھ مجھے چاہیے تو وہ سب مجھے دے گا تاکہ میں اُن بڑے منصوبوں کو پورا کرسکوں جو تو میرے لئے رکھتا ہے۔ یسوع کے نام میں!”
جب آپ کو محسوس ہو کہ آپ قابل اور اہل نہیں ہیں، خُداوند پر تکیہ کریں اور اُس کا زور حاصل کریں۔ وہ آپ کو آپ کے تصور سے بہت بڑھ کر وہ دے گا جس کی آپ کو ضرورت ہے ۔