
کیونکہ یہی خُدا ابدلآباد ہمارا خُدا ہے۔ [یہاں تک کہ] یہی موت تک ہمارا ہادی رہے گا ۔ (زبور۴۸ : ۱۴)
جب تک ہم اِس زمین پر ہیں خُدا نے ہماری راھنمائی کرنے کا وعدہ کیا ہے اوراِس بات پر اِیمان رکھنا بڑی تسلّی کی بات ہے۔ ہم کبھی بھی تنہا نہیں ہوں گے کیونکہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے۔ وہ ہمیشہ ہماری رکھوالی کرے گا۔
جب آپ خُدا کی آواز ’’سُننے‘‘ کی صلاحیت میں ترقی کرتے ہیں آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ الہیٰ راھنمائی اُس کا ہم سے بات کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔ آپ جو بھی کرتے ہیں اُس میں خُدا کو جلال دینا اپنی عادت بنا لیں، اُس سے راھنمائی مانگیں اور اِیمان کے ساتھ بھروسہ کریں کہ وہ آپ کو مِل گئی ہے۔
آج کچھ دیرمیں میں خرید وفروخت کی غرض سے جانے والی ہوں اور میں اس کے لئے بھی خُدا سے راھنمائی مانگوں گی۔ ہوسکتا ہے کہ وہ مجھے میری توقع کے برخلاف کسی ایسی دکان پر لے جائے جہاں سیل لگی ہو یا میری راھنمائی کسی ایسے شخص تک کرے جس کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہو۔ میں بھروسہ کرتی ہوں کہ خُداوند میرے قدموں کی راھنمائی کرے گا (دیکھیں زبور ۳۷ : ۲۳)۔ میں خُدا پر بھروسہ کرتی ہوں کہ وہ ضرورت کی چیزیں خریدنے میں میری راھنمائی کرے گا اور میری مدد کرے تا کہ میں غیرضروری خریدوفروخت سے باز رہوں۔ مجھے اپنے ہرکام میں اُس کی شمولیت کی ضرورت ہے اور مجھے اُمید ہے کہ آپ کو بھی ہے۔
تعلیم دینےکی خدمت کے دوران میں نے بارہا الہیٰ راھنمائی کا تجربہ کیا ہے۔ تعلیم دینے سے پہلے میں مطالعہ کرتی اور تیاری کرتی ہوں لیکن اکثر جب میں تعلیم دینا شروع کرتی ہوں تو مجھے احساس ہوتا ہےکہ خُدا اس سے ہٹ کرمجھے کسی اور ہی سمت میں لے جاتا ہے۔ وہ حاضرین میں موجود لوگوں کی ضرورت سے واقف ہےاور میری ذمہ داری یہ ہے کہ میں اُس کی راھنمائی کے مطابق چلوں۔
میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں تاکہ آپ یہ یاد رکھیں کہ خُدا کی آواز سُننا بڑا آسان اور فطری عمل ہے۔ اس لئے مافوق الفطرت تجربات کی تلاش نہ کریں، اس کے بجائے خُدا کی الہیٰ راھنمائی کی تلاش کریں۔ اُس کا روح آپ میں ہے اور وہ آپ کے تمام کاموں میں شامل ہونا چاہتا ہے۔ آج آپ جو بھی کریں یا جہاں آپ جائیں اس سے توقع کریں کہ وہ آپ کی راھنمائی کرےگا۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: خُدا ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے اورآپ کے ہرکام میں آپ کی راھنمائی کرے گا۔