پس سچائی سے اپنی کمر کس کر اور راست بازی کا بکتر لگا کر(مضبوطی سے کھڑے رہو)۔ افسیوں 6 : 14
خُدا کے ساتھ چلنےکے لئے دیانتداری بہت اہم ہے۔ دیانتدار لوگ اپنے اعمال کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ وہ اپنے قول پر قائم رہتے ہیں اور ان کو توڑنے کے لئے بہانے نہیں بناتے۔ اگر وہ کسی سے وعدہ کرتے ہیں تو اُسے پورا بھی کرتے ہیں اور اگر کسی وجہ سے وہ اُسے پورا نہیں کرسکتے تو وہ اس شخص سے رابطہ کرتے ہیں اور اسے وجہ بتاتے ہیں(بہانہ نہیں)، اور ان سے اس کام کو نہ کرنے کی اجازت طلب کرتے ہیں۔ ہم خُدا سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کرے گا اور وہ ہم سے توقع کرتا ہے کہ ہم اپنے وعدوں کو پورا کریں۔
اگر لوگ لفظ دیانتداری کے معنوں کو اچھّی طرح سے سمجھ لیں گے تو اس دُنیا میں اچھے کردار کے لوگوں کی تعداد زیادہ ہوجائے گی،جو اپنی دیانتداری کو قائم رکھنے کی کوشش کریں گے۔ چونکہ خدا نے ہمیں ‘‘راستبازی کا بکتر’’ دیا ہوا ہے اس لئے ہم جانتے ہیں کہ ہمیں جھوٹ کے دشمن کے خلاف جنگ لڑنی ہے۔ آئیں ہم سب فیصلہ کریں کہ سچائی پر چلیں گے اور صیح کام کریں گے اور خُدا پر بھروسہ کریں گے کہ وہ ہمارے فیصلوں میں ہمارا مددگار ہو۔