زبانوں کا ترجمہ

کسی کو [ایسی] زبانوں کا ترجمہ۔                    (۱ کرنتھیوں ۱۲ : ۱۰)

جب کوئی شخص اجتماعی عبادت کے دوران غیر زبانوں میں باتیں کرتا ہے تو ۱ کرنتھیوں ۱۴ : ۲۷  کے مطابق اُس پیغام کا ترجمہ ضروری ہے۔ مجھے کئی بارغیر زبانوں میں دئے گئے پیغام کی سمجھ اور ترجمہ مِلا ہے۔ جب ایسا ہوتا ہے تومجھے اس پیغام کے تعلق سے جو خُدا سنُنے والوں سے کہنا چاہتا ہے اپنی رُوح میں کوئی نشان یا جانکاری حاصل ہوتی ہے۔

مسیحیت کے کئی حلقوں میں یہ باتیں ایک بھید ہیں محض اِس لئے کہ اِن کے بارے میں اُنہیں کوئی تعلیم نہیں دی گئی۔ میرا اِیمان ہے کہ ہم ایک مشکل دُور سے گزر رہے ہیں اور یہ کہ جتنا ہوسکے خُدا سے ہمیں اتنی زیادہ الہیٰ مدد حاصل کرنی چاہیے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم دھوکہ میں نہ آئیں لیکن یہ بھی اہم ہے کہ ہم دھوکہ کھانے کے خوف میں مبتلا نہ ہوں ورنہ خُدا کی نعمتوں کے لئے ہمارا ذہن بند ہو جائے گا۔

پولس نے اِیمانداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ غیر زبانوں میں دُعا کریں اور یہ دُعا کریں کہ وہ ترجمہ بھی کرسکیں اورمیرا اِیمان ہے کہ ہمیں بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔ ترجمہ کی نعمت کے باعث ہم غیر زبان میں کی گئی اس دُعا کو جو ہم شخصی طور پر کرتے ہیں زیادہ بہترطور پر سمجھ سکتے ہیں۔ ترجمہ اور معنیٰ میں فرق ہے۔ ہم لفظ بہ لفظ پیغام حاصل نہیں کرتے بلکہ جو کچھ خُدا اپنے لوگوں سے کہہ رہا ہے ہمیں اُس کا عمومی احساس حاصل ہوتا ہے۔

خُدا رُوح ہے اور ہم رُوحانی ہستی ہیں جنھیں یہ ضرور سیکھنا چاہیے کہ اپنی رُوحوں میں محسوس کریں کہ خُدا ہم سے کیا کہہ رہا ہے۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ آپ خود سے اِن باتوں کا مطالعہ کریں اور خُدا سے کہیں کہ وہ تمام شاندار نعمتوں کے تعلق سے آپ کو سمجھ بخشے۔ اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنا ذہن کھلا رکھیں اور دُعا اور خُدا کی تلاش کے دوران پاک رُوح کی راھنمائی کی پیروی کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آج آپ کے لئے خُدا کا کلام:

 دلیر بنیں اور خُدا سے کہیں کہ وہ خود اپنے بھید اور رازوں کو سمجھنے میں آپ کی راھنمائی کرے ۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon