وہ راست بازوں کے لئے مدد تیار رکھتا ہے اور راست رو کے لئے سِپر ہے۔ تاکہ وہ عدل کی راہوں کی نگہبانی کرے اور اپنے مقّدسوں کی راہ کو محفوظ رکھے۔ تب تو صداقت اورعدل اور راستی کو بلکہ ہر ایک اچھّی راہ کو سمجھے گا۔ امثال ۲: ۷۔۹
زندگی کی شاہراہ پر روحانی ’’اشارے‘‘ موجود ہیں۔ خدا کی حفاظت میں رہنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ ان اشاروں کے مطابق چلیں جوآپ کو بتاتے ہیں کہ اس پر بھروسہ کریں اور فکر نہ کریں۔ خوف نہ کریں:دلیر ہوں۔اگرآپ ان اشاروں پر توجہ دیں گے تو درست راستے پر چلنا آسان ہوگا۔ آپ اس اطمینان، حفاظت اور خوشی کا تجربہ کریں گے جو صرف خدا مہیا کرسکتا ہے۔
لیکن اگرآپ ان اشاروں کے مطابق آگے نہیں بڑھیں گے توآپ کو اندازہ ہوگا کہ راستہ بہت زیادہ خراب ہوتا جا رہاہے اورآپ پہلے کی طرح اپنی قابلیتوں پر اتنے پراعتماد نہیں ہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کسی انجانے خوف سے پریشان ہوں اور شاید سیدھے راستہ سے ہٹ ہی جائیں۔
آپ کو اور مجھے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ خدا ہماری راہوں کی نگہبانی کرنا اور ہمارےراستوں کومحفوظ رکھنا چاہتا ہے۔ ہم اس کے اشاروں کو نظرانداز کرنے میں کیوں وقت ضائع کریں اور کیوں پریشان ہوں جب کہ اس سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہونے والا؟
فرمانبرداری کریں اور جب آپ اس کے اشاروں کو دیکھیں ان کی پیروی کریں۔ جب آپ اس کی ہدایات پر عمل کریں گے توآپ ہمیشہ اپنی منزل پر حفاظت سے پہنچیں گے۔
یہ دُعا کریں:
اَے پاک روح زندگی کی شاہراہ پر موجود اشاروں کوپہچاننے میں میری مدد کر۔ جب میں ان کو دیکھوں تو ان کی پیروی کروں اورزندگی کی راہ پر میں حفاظت سے تیرے پیچھے چلوں۔