خُدا ہم سے پیار کرتا ہے تاکہ ہمیں تبدیل کرے

پر اُس کے آنے کے دِن کی کس میں تاب ہے؟ اور جب اُس کا ظہور ہوگا تو کون کھڑا رہ سکے گا؟ کیونکہ وہ سُنار کی آگ اور دھوبی کے صابُون کی مانند ہے۔ (ملاکی ۳ : ۲)

خُدا ہمیں تبدیل کرنے اوراپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کے لئے اپنی آگ کو استعمال کرتا ہے۔ میں نے جانا ہےکہ تبدیل ہونا آسان نہیں ہے۔ میں تیس سال سے زیادہ عرصہ سے خُدا کے کلام کا مطالعہ کررہی ہوں تو بھی بہت سی باتوں میں مجھے اب بھی تبدیل ہونا اور خُدا کو موقع دینا ہے تاکہ  وہ مجھے خاص طریقہ سے تبدیل کرے۔ میں ابھی بھی اس مقام پر نہیں ہوں جہاں مجھے ہونا چاہیے لیکن میں خُدا کا شُکر کرتی ہوں کہ میں وہاں بھی نہیں ہوں جہاں میں کبھی ہوا کرتی تھی۔

جب خُدا کی صاف کرنے والی آگ ہم پر کسی ایسے رویہ کو ظاہرکرتی ہے جسے تبدیل ہونے کی ضرورت ہے اُس وقت اگر ہم توبہ کرنے کے لئے رضا مند نہ ہوں یا ڈھیٹ بن جائیں تو مُحبّت سخت ہوجائے گی۔ میں آپ کو سمجھاتی ہوں۔ ہم جانتے ہیں کہ خُدا مُحبّت ہے اور وہ غیور خُدا ہے وہ نہیں چاہتا کہ ہمارے باطن میں جو مقام اُس کا ہے اُس پر کوئی اور قابض ہوجائے۔ اور مُحبّت یعنی خُدا ہم سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگا بلکہ ہماری زندگی میں اپنی مرضی کو پورا کرے گا اور اس کے لئے وہ اپنی غیرت اورمستقبل مزاجی سے کام لے گا۔مُحبّت (خُدا) ہم پران باتوں کوظاہر کرے گا جو ہم خود بھی دیکھنا نہیں چاہتے اورہماری مدد کرے گا تاکہ وہ بن جائیں جو ہمیں بننا چاہیے۔

آگ خُدا کے جلال کے لئے ساری کثافت کو کھا جاتی ہے اور باقی تمام چیزوں کو روشن کردیتی ہے۔ پچھلے سالوں میں خُدا کی آگ کی اِس جلتی بھٹی میں پُرانی جائیس مائیر کی بہت سی باتیں جل چکی ہیں۔ یہ آسان نہیں تھا لیکن یہ ضروری تھا۔

خُدا کی صاف کرنے والی آگ مختلف طریقوں سے آپ تک بھی پہنچے گی۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کے دِل میں کسی بات کو چھوڑنے اور کسی کام کو شروع کرنے کی تحریک پیدا ہو؛اور جب وہ آپ سے اپنے کلام کے وسیلہ سے بات کرے تو آپ کے اندر قائلیت پیدا ہو؛ یا آپ اپنی رُوح میں براہٰ راست اس کے رُوح کی بات سنیں۔ بہرحال ایسا وقت آئے گا جب خُدا آپ کی زندگی میں اپنی پاکیزگی کی آگ کو بھیجے گا۔ جب وہ وقت آئے اس وقت مزاحمت نہ کریں بلکہ خُدا پر بھروسہ کریں اور آگ کو اپنا کام کرنے دیں۔


آج آپ کے لئے خُدا کا کلام:  خُدا ہرروز آپ کو تبدیل کررہا ہے اور آج آپ گزرے کل سے بہت بہتر ہیں۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon