شُکرگُذاری کرتے ہُوئے اُس کے پھاٹکوں میں اور حمد کرتے ہُوئے اُس کی بارگاہوں میں داخِل ہو۔ اُس کا شُکر کرو اور اُس کے نام کو مُبارک کہو۔ زبُور 4:100
اگرآپ اپنی زندگی میں اطمینان حاصل کرنا چاہتے ہیں اوراطمینان کے نئے مقام پر پہنچنا چاہتے ہیں تو میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں کہ اس کے لئے آپ شُکرگزاری کی ایک فہرست بنائیں۔ ایک طویل فہرست بنائیں، جس میں معمولی چیزوں کے ساتھ ساتھ بڑی چیزیں بھی شامل ہوں۔ یہ طویل ہونی چاہئے کیونکہ اگر ہم اپنی زندگی پر غور کریں تو ہمارے پاس شُکرگزاری کرنے لئے بہت کچھ ہے۔ خُدا کا شُکر اَدا کرنے کے لیے میرے پاس ہر روزکوئی نہ کوئی نئی بات ہوتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کے پاس بھی ہو گی۔
ابھی کسی کاغذ یا کمپیوٹر پران باتوں کی فہرست تیار کرنا شروع کریں جن کے لیے آپ کو شُکر گزار ہونا چاہیے۔ اس فہرست کو سنبھال کررکھیں اور اس میں بار بار نئی باتوں کو شامل کرتے رہیں۔ گھر اور باہر کے کام کاج اور ذمہ داریوں کے دوران وقت نکالیں جیسا کہ اگر آپ بچّوں کا کہیں لے کر جارہے ہیں یا کسی قطار میں کھڑے انتظار کررہے ہیں تو جن باتوں کے لئے آپ شُکرگزار ہیں ان پر اُس وقت میں غور کریں۔ آپ ایسا کرکے دیکھیں اور آپ کو ‘‘شُکرگزاری کی طاقت” کا پتہ چل جائے گا۔ بائبل کہتی ہے کہ ہمیں شُکر گزار ہونا چاہئے اوراس کا اظہار بھی کرنا چاہیے۔ ہر روز شُکر گزاری کی باتوں پرغور کرنے اوران کا اقرار کرنے سے آپ کو حیرت انگیز طور پرمدد ملے گی۔
شُکرگزاری کی دُعا
اَے باپ، مَیں شُکر گزار ہوں کہ تو مجھے افراط سے مہیا کرتا ہے اور برکت عطا کرتا ہے۔ تیری بے پناہ بھلائی کی وجہ سے میرے پاس شُکر گزار ہونے کے لیے بہت کچھ ہے۔ میری مدد کر کہ کبھی بھی کسی اچھّی چیز کو — بڑی یا چھوٹی — کو معمولی نہ سمجھوں۔