غور سے سُنیں

پھر اُس نے اُن سے کہا خبردار رہوکہ کیا سُنتے ہو۔ جس پیمانہ [خیال اور تعلیم]  سے تم ناپتے ہو [اُسی سچائی سے جو تم سُنتے ہو] اُسی سےتمہارے لئے ناپا جائے اور تم کو زیادہ [اِس کے علاوہ] دیا جائے گا  (مرقس ۴ : ۲۴) ۔

بائبل بیان کرتی ہے کہ آخری دنوں میں بہت سے جھوٹے نبی اُٹھ کھڑے ہوں گے  جو کانوں کی کجھلی میں مبتلا لوگوں کو وہی کلام سُنائیں گے جو وہ سُننا چاہتے ہیں۔ لوگ ایسے لوگوں کی تلاش کریں گے جن سے وہ خوش کن اور دلچسپ باتیں سُنیں۔ جواُن کی اپنی خواہشات کے مطابق ہوں اوروہ اپنے کان پھیر لیں گے تاکہ سچائی کو نہ سُنیں اورمن گھڑت کہانیوں اورانسانی قصّوں کی طرف متوجہ ہوں گے (دیکھیں ۲ تیمتھیس ۴ : ۳۔۴)۔ وہ ایسے طریقے ایجاد کرلیں گے جو ان کے نزدیک ’’روحانی‘‘  ہیں لیکن وہ خدا کی بادشاہی میں قابلِ قبول نہیں ہیں۔ وہ ’’روحانی‘‘ ہیں لیکن وہ غلط روح کے ہیں!

ہم نے اِس سے پہلے عاملوں کا ایسا سیلاب نہیں دیکھا جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے سخت مقابلہ کرتا ہو۔ ٹیلی وژن پروگراموں میں ایسے عاملوں کو متعارف کروایا جاتا ہے جو دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ مُردہ لوگوں کے ساتھ رابطہ کرسکتے ہیں۔ یہ لوگ دراصل مخصوص روحوں سے رابطہ کرتے ہیں جوماضی کے بارے میں آدھا سچ اور مستقبل کے بارے میں جھوٹ گھڑتے ہیں۔ کلامِ مقّدس میں اس سےسختی سے منع کیا گیا ہے (دیکھیں احبار ۱۹ : ۳۱)۔ خُدا فرماتا ہے کہ جو جنات کے یاروں اور جادوگروں کے پاس جائے گا خُدا اس کا مخالف ہو گا (دیکھیں ۲۰ : ۶۔۷) اس کے باوجود مسیحی لوگ قسمت کا حال پڑھتے ہیں اورعاملوں سے رجوع کرتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ اور پھر حیران ہوتے ہیں کیوں اُن کی زندگی اُلجھن کا شکار اور اطمینان سے خالی ہے۔

ہمارے لئے یہ سمجھنا اَشد ضروری ہے کہ خُدا کے علاوہ کسی اور ذریعہ سے اپنی زندگیوں کے لئے راھنمائی حاصل کرنا جائز نہیں ہے۔ اگر آپ اس قسم کے کاموں میں ملوث ہیں تومیں آپ کو ہدایت کرتی ہوں کہ حقیقی توبہ کریں؛ خُدا سے کہیں کہ وہ آپ کو معاف کرے؛ اور ان کاموں سے مکمل طور پر منہ پھیر لیں۔ خُدایِ واحد آپ کے تمام  سوالوں کا جواب ہے۔


آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: دِیا سلائی سے نہ کھیلیں؛ اِس سے آگ ہی لگتی ہے۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon