
اپنے پڑوسی سے اپنے برابر [جیسی تم خود سے کرتے ہو] مُحبّت رکھ ۔ متّی 22 : 39
خُدا نے سب لوگوں کو مختلف مزاج اور شخصیت کے ساتھ پیدا کیا ہے اور وہ ان سب سے خوش ہوتا ہے۔ ورائٹی سے خُدا واقعی مسرور ہوتا ہے۔
اگر آپ نے اس پر کبھی غور نہیں کیا تو تھوڑا وقت نکال کر اپنے اردگرد نظر ڈالیں۔ خُدا نے انواع و اقسام کی چیزیں پیدا کی ہیں اور وہ کہتا ہے کہ جو کچھ اُس نے بنایا ہے وہ اچھّا ہے؛ اس لیے میں آپ سے گزارش کرتی ہوں کہ ان لوگوں کو قبول کریں جو آپ سے مختلف ہیں اور ان کے ساتھ خوش ہونا سیکھیں جیسا کہ خُدا کرتا ہے۔
ہم بہت سے لوگوں سے ملتے ہیں۔ ان میں سے کچھ لوگ ہماری زندگی میں ہماری مرضی سے شامل ہوتے ہیں لیکن بہت سے لوگ ہماری زندگی میں حالات کے باعث شامل ہو جاتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی کے ہر دن سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو ان لوگوں کے لیے شُکر گزار ہوں اور ان سے لطف اندوز ہونے کا فیصلہ کریں جن کے ساتھ آپ ہر روز بات چیت کرتے ہیں۔ اگر آپ کی زندگی میں کوئی ایسا شخص ہے جس کے ساتھ آپ کو وقت گزارنا مشکل لگتا ہے تو ان کے اندر موجود اچھّی باتوں پر غورکرنے کی کوشش کریں اور اُنہیں ناپسند کرنے کے بجائے اُن کے لیے خُدا کا شُکر اَدا کرنا شروع کریں۔
شُکرگزاری کی دُعا
اَے باپ، میری مدد کر کہ اپنی زندگی میں موجود لوگوں سے مُحبّت کروں اور اُنہیں قبول کروں جس طرح تُو کرتا ہے۔ تیرا شُکر ہو کہ تُو نے ہم سب کو مختلف بنایا اور پھر بھی تُو ہم سب سے یکساں مُحبّت کرتا ہے۔ آج، مَیں ان لوگوں کی قدر کرتا/کرتی اور ان سے خوش ہونے کا فیصلہ کرتا/کرتی ہوں جنہیں تُو میرے راستے میں لاتا ہے۔