
محُبّت صابر ہے… 1 کرنتھیوں 13 : 4
آج کی دُنیا بے صبر لوگوں سے بھری پڑی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہر شخص جلدی میں ہے۔ دباؤ کی سطح بہت بُلند ہے اور جس بوجھ کے نیچے ہم رہتے ہیں اس سے اکثر بے صبری پیدا ہوتی ہے۔ دوسرے انسانوں کی طرح مسیحیوں کو بھی ایسے دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اور جس طرح یہ دُنیا بے صبر ہے ہم بھی اکثر ایسے ہی ہو جاتے ہیں لیکن ہمیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
بائبل مقّدس ہمیں سیکھاتی ہے کہ مُحبّت صابر ہے۔ جتنا ہم خُدا کی مُحبّت کو حاصل کرنا سیکھیں گے، اُس کے بدلے میں اُسے پیارکرنا سیکھیں گے، اور اپنے اِرد گرد لوگوں سے مُحبّت کرنا سیکھیں گے اتنا ہی ہم صابر بنتے جائیں گے۔ یہ صبر ہمیں پُراطمینان زندگی بسر کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ہم ہمیشہ جلدی میں نہیں رہیں گے۔ ہم خُدا کا انتظار کرنے میں اور اُس کے ساتھ رفاقت رکھنے میں وقت گزاریں گے۔ خُدا اپنی مُحبّت میں ہمارے ساتھ صبرسے پیش آتا ہے اور ہم بھی دوسروں کے ساتھ ایسا ہی رویہ رکھ سکتے ہیں۔
جب آپ کی زندگی میں مُحبّت ہوگی تو آپ نہ صرف دوسرے لوگوں کے ساتھ صبر سے پیش آئیں گے بلکہ آپ خود سے بھی صبر سے پیش آئیں گے۔ جب آپ سے غلطیاں سرزد ہوجاتی ہیں تو خود پرغصہ ہونے کی بجائے توبہ کریں گےاور پھر پُرسکون ہوجائیں گے۔ آپ یہ جان لیں کہ خُدا آپ کی زندگی میں بگڑی باتوں کو درست کرنے کی کوشش کررہا ہے اور آپ صبر سے اُس پر بھروسہ رکھیں تاکہ وہ آپ کی زندگی میں اپنا کام کرے۔
صبرایک خوبصورت خوبی ہے جسے آپ اپنی زندگی میں اپنا سکتے ہیں لیکن کُنجی یہ ہے کہ خُدا پر بھروسہ کرتے ہوئے ہرروز اُس کی قربت کو حاصل کریں۔ جتنا زیادہ آپ خُدا کی قربت میں بڑھیں گے اتنا ہی آپ کے لئے اِس دُنیا کی پریشانی سے چھٹکارا پانا آسان ہوگا۔ آپ سکون اور اطمینان اور مضبوط یقین سے بھرے ہوں گے کیونکہ خُدا آپ کی زندگی کا مرکز ہے۔
جب آپ ہر قسم کی آزمائش میں صبر کا مظاہرہ کرنا سیکھ لیتے ہیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ ایک ایسے معیار کی زندگی بسر کر رہے ہیں جس میں آپ صرف صبر ہی نہیں کررہے بلکہ آپ خوب لطف اندوز بھی ہورہے ہیں۔