خُداوند نے جواب میں اُس سے کہا مرتھا! مرتھا! تُو تو بہت سی چیزوں کی فِکروتردُّد میں ہے۔ لیکن ایک چیز ضرور ہے اورمریم نے وہ اچھّا حصّہ چُن لیا ہے [جو اُس کے فائدہ کا ہے] جو اُس سے چھینا نہیں جائے گا۔ (لُوقا ۱۰ : ۴۱ ۔ ۴۲)
وہ کہانی جو آج کی آیت تک لے آتی ہے اِس میں خُداوند یسوع دو بہنوں مریم اور مرتھا کو ملنے کے لئے گئے۔ مرتھا اس کے لئے سب کچھ تیار کرنے میں مصروف تھی ۔۔۔۔۔۔ گھر کی صفائی، کھانا پکانے اور اچھّا تاثر دینے کے لئے وہ بہت محنت کررہی تھی۔ جب کہ مریم نے اس موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے مسیح سے رفاقت کا فیصلہ کیا۔ مرتھا کو اپنی بہن پر غصّہ آگیا، وہ چاہتی تھی کہ وہ اٹھ کر کام میں اُس کی مدد کرے ۔ اُس نے خُداوند یسوع سے شکایت بھی کی اور اس سے کہا کہ وہ مریم سے کہے کہ وہ بھی کام کرے!
خُداوند یسوع کا جواب کچھ یوں شروع ہوتا ہے کہ ’’مرتھا، مرتھا،‘‘ اور یہ دو لفظ ہماری سوچ سے زیادہ معنی رکھتے ہیں۔ یہ ہمیں بتاتے ہیں کہ مرتھا کے پاس تعلقات کے لئے وقت نہیں تھا، وہ کام کو قربت پر ترجیح دے رہی تھی اور وہ اپنے وقت کا غلط استعمال کررہی تھی اور جو ضروری تھا اُس سے محروم تھی۔
مریم جو حکمت سے کام لے رہی تھی؛ وہ اس لمحہ کا فائدہ اُٹھا رہی تھی۔ وہ اپنی باقی ساری زندگی صفائی میں گزار سکتی تھی لیکن اُس دِن یسوع اُس کے گھر آیا تھا اور وہ چاہتی تھی کہ وہ ان کے گھر میں خوش آمدید اور پیارمحسوس کرے۔ وہ اُسے اور مرتھا کو ملنے کےلئے گیا تھا، اُن کے صاف گھر کا معائنہ کرنے کے لئے نہیں۔ اگرچہ میں سوچتی ہوں کہ صاف گھر ضروری ہے لیکن یہ وقت صفائی پر دھیان دینے کا نہیں تھا۔ یہ خُداوند یسوع پر دھیان دینے کا وقت تھا کیونکہ وہ وہاں موجود تھا۔
میں خود کو یاد دلاتی ہوں اور آپ کی بھی حوصلہ افزائی کرتی ہوں کہ حکمت سے کام لیں اور جب خُدا کی حضوری موجود ہو تو خود کواس سے محروم نہ رکھیں۔ بعض اوقات جب پاک رُوح ہمیں دُعا یا اُس کی حضوری میں وقت گزارنے کی تحریک دیتا ہے تو ہم کام یا کھیل کو اہمیت دیتے ہیں۔ جب وہ بلاتا ہے تو ہمیں فوراً متوجہ ہونا ہے۔ اُس کی حضوری کی برکات سب کاموں سے بڑھ کر ہیں۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: خُدا کی حضوری سے لطف اندوز ہونے کے موقع کو نہ کھوئیں۔