
پس جب تم بُرے ہو کر اپنے بچّوں کو اچھّی چیزیں [ایسے انعام جو ان کی بہتری کے لئے ہیں] دینا جانتے ہو تو آسمانی باپ اپنے مانگنے والوں کو رُوح القّدس کیوں نہ دے گا ! ( لوقا ۱۱ : ۱۳)
آج کی آیت میں وعدہ کیا گیا ہے کہ خُدا اپنے مانگنے والوں کو پاک روح دے گا ۔ آپ ابھی اِسی وقت خُدا سے پاک روح کا بپتسمہ مانگ سکتے ہیں۔ جس بھی جگہ پر آپ ہیں آپ مندرجہ ذیل دعا کے ذریعے ایسا کرسکتے ہیں:
’’اَے باپ، میں خُداوند یسوع کے نام میں دُعا کرتا/کرتی ہوں کہ مجھے سارے ثبوتوں کے ساتھ پاک روح کی معموری کا بپتسمہ بخش دے ۔ مجھے وہی دلیری بخش دے جو تو نے ان کو دی جو عیدِ پینتیکوست کے دن روح سےمعمور ہوئے، اورمجھے اپنی مرضی کے مطابق کوئی روحانی نعمت بھی بخش دے ۔‘‘
اَب آپ اپنے اِیمان کی تصدیق کے لئے بُلندآوازسے کہہ سکتے ہیں، ’’میرا اِیمان ہے کہ میں رُوُح القّدس سے بھرگیا/گئی ہوں، اور اَب میں بدل جاوٗں گا/گی۔‘‘
اگر آپ نے مندرجہ بالا یا اِس جیسی کوئی اور دُعا کی ہے توخاموشی سے خُدا کا انتظار کریں اور اِیمان رکھیں کہ جو آپ نے مانگاہے وہ آپ نے پایا ہے۔ اگر آپ یہ اِیمان نہیں رکھیں گے کہ آپ کو مِل گیا ہے توحاصل کرلینے کے باوجود یہ نہ ملنے کے برابر ہی ہوگا۔ میں ایک بار پھر اس بات پر زور دوں گی کہ اِیمان سے بھروسہ رکھیں کہ آپ کو مِل گیا ہے۔ اپنے فیصلوں کی بنیاد احساسات پر مت رکھیں۔ پورا دن اس سچائی پر غور کریں کہ خُدا آپ کے اندر رہتا ہے اوراس کے وسیلہ سے آپ اپنے تمام ضروری کام کرسکتے ہیں۔
پاک روح سے معموری ایک ایماندار کی زندگی کا سب سے شاندار تجربہ ہے۔ اس کی موجودگی آپ کو حوصلہ، امید، اطمینان، خوشی،حکمت اور بہت سی اور نعمتیں بخشے گی۔ ہر روز اپنے پورے دِل سے اُس کی تلاش کریں۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: اس بات کی یقین دہانی کریں کہ آپ خدا کو کسی مطلب سے نہیں بلکہ خدا کی ذات، اس کی حضوری سے لطف اندوزہونے کےلئے تلاش کریں گے نہ کہ محض اس کی برکتوں کو پانے کے لئے۔