
خاموش ہو جاؤ اور جان (پہچان اور سمجھ ) لو کہ میں خُدا ہوں، میں قوموں کے درمیان سر بُلند ہوں گا! میں ساری زمین پر سربُلند ہوں گا۔ زبور 46 : 10
آج کے دور میں اکثر لوگ ایک ہی وقت میں بہت سے کام کررہے ہیں۔ وہ کام کرنے کے عادی ہیں اورمیں بھی اُن ہی لوگوں میں سے ایک تھی!
بہت عرصہ تک مجھے ایسا لگتا تھا کہ مجھے ہر وقت کچھ نہ کچھ کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ مجھے لگتا تھا کہ میرے اِرد گرد جو سرگرمیاں ہورہی ہیں اُن میں حصّہ لینا اور اُن میں شامل ہونا میرے لئے بہت ضروری ہے۔ میں سوچتی تھی کہ مجھے کسی بھی سرگرمی کو چھوڑنا نہیں چاہیے کیونکہ اگر میں ایسا کروں گی تو اپنے ارد گرد حالات سے ناواقف رہوں گی۔ میں چین سے بیٹھ نہیں سکتی تھی۔ مجھے ہروقت کچھ نہ کچھ کرنا پسند تھا۔ میں انسان نہیں بلکہ ایک مشین تھی۔
لیکن شُکر ہے کہ میں نے یہ جان لیا کہ اگرہم پُرسکون رہیں اور معاملات کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں توہم خُدا کی شاندار قدرت کواپنی زندگیوں میں کام کرتے ہوئے دیکھیں گے۔ اکثر ہم حد سے زیادہ دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں کیونکہ ہم ایسے کام کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جو صرف خُدا کرسکتا ہے۔ خُدا ہماری راھنمائی کرنا چاہتا ہے لیکن اس کی راھنمائی کو پہچاننےکے لئے ہمیں پُرسکون رہنا پڑے گا! ہر روز اُس کی آواز سُننے کے لئے وقت نکالیں۔ ہمیں دو کان اور صرف ایک زبان دی گئی ہے، جس سے ظاہر ہے کہ خُدا کا اِرادہ تھا کہ ہم زیادہ سُنیں اور کم بولیں ۔
جب کوئی خیال یا اِرادہ ہمارے دِل میں جنم لے تو ہمیں چاہیے کہ ہم اُسے خُدا کے سُپرد کردیں (اُس کی ہستی کو تسلیم کریں)، اوراس بات کی یقین دہانی کریں کہ ہم اِرادہ تو رکھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اطمینان بھی ہمارے پاس موجود ہے!
جو اُس پر بھروسہ کرتے ہیں خُدا اپنی سب سے اچھّی اور بہترین نعمتیں اُن کو عطا کرتا ہے۔ پُرسکون رہیں اور اُس کو اپنی زندگی میں قدرت سے کام کرنے دیں۔