
اور اِیمان کے بانی اور کامل کرنے والے یسوع کو (جو چیزیں ہماری توجہ کو بھٹکاتی ہیں ان سے دور ہو کر) تکتے رہیں… عبرانیوں 12 : 2
زندگی کے سفر میں ہمت ہارنے اور یہ کہنے کے لئے کسی خاص قابلیت کی ضرورت نہیں ہوتی کہ "میں نے چھوڑ دیا یا میں نےہمت ہار دی”۔ کوئی بھی شخص چاہے وہ اِیماندار ہو یا نہ ہو وہ یہ کرسکتا ہے۔
ہمت ہارنا ایک آزمائش ہے جس کا ہمیں کبھی نہ کبھی سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جب آپ خُداوند یسوع مسیح کی قربت حاصل کرتے ہیں یا اِس سے بھی بہتر یہ کہنا ہوگا کہ وہ ہمارے قریب آتا ہے تو ہمارے اندر قوّت، زور اور ہمت انڈیلنا شروع کردیتا ہے۔ اور ایک عجیب کام ہم میں شروع ہوجاتا ہے ۔۔۔۔ وہ آپ کے اندر آگے بڑھنے کی چاہت پیدا کرتا ہے!
میرے اندر ہمت ہارنے اور چھوڑ دینے کی رغبت تھی۔ لیکن آج میں ہرروز صبح سویرے اُٹھ کر نئے دِن کا آغاز تازگی سے کرتی ہوں۔ میں اپنے دِن کا آغاز دُعا اور کلام کے مطالعہ اور اس کا وعدوں کے اِقرار کرنے اور خُدا کو تلاش کرنے سے کرتی ہوں۔ جب آپ اپنے دِن کا آغاز خُدا کی قربت سے شروع کرتے ہیں تو اس سے حیران کن طور پر قدرتی فرق پڑتا ہے ۔
جب آپ چھوڑنے کی چاہت اور آزمائش کو محسوس کریں تو اُس کے آگے سر نہ جھکائیں۔ خُداوند یسوع پر نگاہ کریں اور اُس کے نمونہ کو اپنائیں۔ وہ بے حد مشکل حالات میں بھی آگے بڑھتا رہا اور وہ آپ کو بھی ایسا کرنے کےلئے زور بخشے گا۔ وہ آپ کا راھنما ہے؛ وہ آپ کے اِیمان کا بانی اور کامل کرنے والا ہے۔
آئیں آج ہی یہ فیصلہ کریں کہ ہمارے راستہ میں کچھ بھی ہو ہم آگے ہی بڑھتے جائیں گے، خُداوند یسوع کو تکتے رہیں گے چاہے کچھ بھی ہوجائے۔