کیونکہ خُدا ہمارے دِل سے بڑا ہے اور سب کچھ جانتا ہے۔ 1 یُوحنّا 3 : 20
شرمندگی اور احساسِ جرم بہت سے ایمانداروں کا بڑا مسئلہ ہے۔ ابلیس کو اس بات سے بہت خوشی ہوتی ہے جب وہ ہمیں اپنی ہی ذات کے بارے میں بُرا محسوس کرواتا ہے۔ وہ کبھی بھی ہمیں یہ نہیں بتاتا کہ ہم نے کتنی ترقی کر لی ہے بلکہ اس کی بجائے وہ ہمیں مسلسل یہ یاد دلاتا ہے کہ ایسے بہت سے کام ہیں جو ابھی تک ہم نے سرانجام نہیں دیئے۔
جب دشمن حملہ کرتا ہے تو اس وقت آپ اس سے یہ کہیں کہ "جہاں مجھے ہونا چاہیے تھا میں وہاں تو نہیں ہوں لیکن خُدا کا شُکر ہو کہ میں وہاں بھی نہیں ہوں جہاں میں کبھی ہوا کرتا/کرتی تھی۔ میں ٹھیک ہوں اور سفر جاری کئے ہوئے ہوں۔”
داؤد کی طرح ہم اپنے آپ کو خُداوند میں مضبوط کرسکتے ہیں (1 سموئیل 30 : 6)۔ ہم میں سے کوئی بھی کاملیت کی حالت کو نہیں پہنچا ہے اور ہم خود کو کامل کر بھی نہیں سکتے۔ ہماری زندگی میں تقدیس کا کام پاک رُوح کرتا ہے اور یہ ایک عمل ہے پس ہمیں اس کام کے دوران شادمان ہونے کی ضرورت ہے۔
بائبل مقّدس ہمیں یہ تعلیم دیتی ہے کہ ہم خُداوند یسوع مسیح کے لہو کے وسیلہ سے اپنے گناہوں (احساسِ جرم سے مکمل آزادی) سے مکمل معافی حاصل کرسکتے ہیں۔ ہمیں اس قربانی میں اپنی شرمندگی کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اُس کی معافی ہمارے لئے کافی ہے۔
خُداوند یسوع مسیح نے وہ سب کچھ کردیا ہے جو ضروری تھا ۔۔۔۔ اُس نے سارا کام پورا کردیا ہے۔ اُس نے آپ کی معافی کے لئے ایک راہ تیار کردی ہے۔ آپ کو کرنا صرف یہ ہے کہ اُس کو حاصل کریں۔ پوری معافی بالکل مفت ہے۔
ابلیس کو یہ اجازت نہ دیں کہ وہ آپ کی سوچوں کواس خیال سے بھر دے کہ آپ ایک گنہگار ہیں اور اِس سبب سے آپ کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ اپنے آپ کو خُداوند یسوع مسیح میں خُدا کی راستبازی کے طور پر دیکھیں۔