تم مجھ میں قائم رہو اور میں تم میں [مجھ میں زندگی گزارو اور میں تم میں زندگی گزاروں گا]۔ جس طرح ڈالی اگر انگور کے درخت میں قائم نہ رہے (اس کے ساتھ پیوستہ ہونا) تو اپنے آپ سے پھل نہیں لا سکتی اِسی طرح تم بھی اگر مجھ میں قائم نہ رہو تو پھل نہیں لاسکتے۔ (یوحنا ۱۵ : ۴)
جتنا ہم خُدا کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں گے اتنا ہی ہم جوش اور ولوے سے بھر جائیں گے اور یہ بہت اچھّا ہے۔ بہرحال ہمیں لوگوں کے سامنے جوش سے زیادہ کچھ اور پیش کرنا ہے؛ اُن کو ثبوت کے طور پرحقیقی تبدیلی اوراچھّا پھل دیکھنے کی ضرورت ہے۔
پولس نے کہا کہ ہماری زندگیاں ایسا خط ہونی چاہیں جنھیں لوگ پڑھ سکیں (دیکھیں ۲ کرنتھیوں ۳ : ۳)۔ دوسرے الفاظ میں ہمارے رویہ کی آواز ہماری باتوں اور جذبات سے زیادہ بُلند ہونی چاہیے۔ میں نے اپنی زندگی میں یہ سیکھا ہے کہ جوش اورولوے کے ساتھ صبر، بھلائی ، مہربانی، اچھے اخلاق اور دوسروں کی مدد کی خواہش بھی ہونی چاہیے۔ ہمارےکام ہماری باتوں سے زیادہ اُونچا بولتے ہیں۔ بے شک ہمیں لوگوں کو خُداوند یسوع کے بارے میں بتانا ہے کیونکہ بعض اوقات صیح وقت پر کہی گئی باتیں بہت سود مند ثابت ہوسکتی ہیں لیکن حقیقی مسیحی اپنے پھلوں سے پہچانے جاتے ہیں۔
آپ جتنا خُدا کے ساتھ وقت گزاریں گے اُتنا ہی پھل پیدا ہوگا۔ اچھّا پھل خُدا کو جلال دیتا ہے اور یہ اچھّا پھل ہی ہے جو لوگوں کے سامنے زیادہ بُلند آواز میں بولتا ہے۔ میں ایسے لوگوں کو جانتی ہوں جن کو میں نے بتایا کہ میں تبدیل ہوچکی ہوں لیکن وہ قائل نہیں ہوئے لیکن کئی سال بعد ان کو مدد کی ضرورت تھی اورجب میں نے ان کو مدد فراہم کی تواُن کواحساس ہوا کہ خُدا نے واقعی میری زندگی میں کام کیا ہے۔ اچھّے پھل کے ساتھ دلیل بازی کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ یہ ہماری باتوں کا ثبوت ہے۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ ہروقت لوگوں کے ساتھ برتاوٗ میں محتاط رہیں۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: آج کا دن ختم ہونے سے پہلے آپ بہت سے لوگوں سے ملیں گے۔ اُن کے چہروں پرمسکراہٹ بکھیر دیں!