کیا یہ اتنا قیمتی ہے؟

کیا یہ اتنا قیمتی ہے؟

اس لئے تم سچائی اور سلامتی کو عزیز رکھو۔   زکریاہ 8 : 19 

خُدا کی دلی خواہش یہ ہے کہ آپ ایسی زندگی بسر کریں جو اطمینان سے پُر ہو۔ جتنا آپ خُدا کی قربت میں جائیں گے ۔۔۔۔ اتنا ہی آپ اُس پر انحصار کریں گے ۔۔۔۔ اور اتنا ہی اطمینان آپ کو ملے گا۔

کوئی بھی عہدہ اور مال ودولت اُس وقت تک بے کار ہے جب تک آپ کے پاس اطمینان نہیں ہے۔ دولت، عہدہ اورشہرت ۔۔۔۔ یہ سب بے سود ہیں اگر آپ کے پاس اطمینان نہیں ہے۔ آپ اطمینان کی قدرجاننے کے لئے کوئی قیمت نہیں لگا سکتے۔

بہت سے لوگ کامیابی کی سیڑھی چڑھنے میں اپنی ساری زندگی بسر کردیتے ہیں۔ لیکن ہر بار جب وہ ایک زینہ پار کرلیتے ہیں تو وہ اپنا اور تھوڑا سا اطمینان، خوشی اور خاندان کے ساتھ وقت گنوا بیٹھتے ہیں۔ اُن کی پوری زندگی دباؤ اورپریشانی میں گزر جاتی ہے کیونکہ جو کچھ انہوں نے حاصل کیا ہے وہ اُس کو سنبھالنے میں لگے رہتے ہیں۔ لیکن ہم اس وقت تک حقیقی طور پر کامیاب نہیں ہیں جب تک ہم مطمئین نہیں ہیں۔

بعض لوگ بہت سی نوکریاں کرتے ہیں تاکہ وہ سب کچھ حاصل کریں جو دنیا ان کے سامنے پیش کرتی ہے یہ کہہ کر کہ "حقیقی خوشی کے لئے تمہارے پاس ان چیزوں کا ہونا بہت ضروری ہے۔” وہ ان "چیزوں” کو تو حاصل کرلیتے ہیں لیکن پھر بھی اطمینان سے خالی رہتے ہیں۔

رومیوں 14 : 17 میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ "خُدا کی بادشاہی کھانے پینے پر موقوف نہیں ہے ۔۔۔۔ یہ ان چیزوں کا نام نہیں جن کے لئے عہدہ یا دولت ضروری ہیں ۔۔۔۔ بلکہ راست بازی اور میل ملاپ اور اس خوشی پر موقوف ہے جو رُوح القّدس کی طرف سے ہوتی ہے۔” خُدا کی بادشاہی کا مطلب ہے کہ ہم مسیح میں اپنی حیثیت کو پہچانیں اور اُس اطمینان کو حاصل کریں جو "سمجھ سے بالکل باہر ہے ” (فلپیوں 4 : 7)۔

خدا آپ کی ضرورتوں کو کثرت کے ساتھ پورا کرنا چاہتا ہے تاکہ آپ دوسروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بن سکیں۔ خُدا آپ کو برکت دینا چاہتا ہے اس بات پر کبھی شک نہ کریں۔ لیکن کسی ایسی چیز کی تلاش نہ کریں جس کے سبب سے آپ کا اطمینان جاتا رہے۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon