…اور وہ جوا مسح کے سبب سے توڑا جائے گا۔ ( یسعیاہ ۱۰ : ۲۷)
اگرخدا آپ کی زندگی میں کسی مسئلہ کو حل کرنے کے سلسلہ میں آپ سے بات کرتا ہے تو اس کی آواز کورد نہ کریں۔ بھروسہ رکھیں کہ آپ کی زندگی میں پاک روح کی قوت اور قدرت کا مسح اس مسئلہ کا خاتمہ کرنے کے لئے موجود ہے ۔اگر آپ اس مسئلہ کواِس وقت چھوڑ کراپنی مرضی کے وقت پرحل کرنا چاہتے ہیں تو پھر شاید آپ کو خُدا کی قدرت اور مسح کے بغیر ہی اس کو حل کرنے کی کوشش کرنی پڑے گی۔
اکثر ہم اپنے وقت کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں ، پھرہم جدوجہد کرتے رہتے ہیں کیونکہ جب ہم اس کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اُس وقت پر خدا کا مسح نہیں ہوتا ۔ مثال کے طور پر کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ کسی ملازم کے ساتھ مسئلہ کو سلجھانے کا وقت آگیا ہے، لیکن مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ زیادہ دانائی اس میں ہے کہ کچھ عرصہ تک خُدا کےحضوردُعا کی جائےتاکہ خُدا اس شخص کے دِل کو بھی تیار کرے۔ جب میں خدا کے وقت کی پیروی کرتی ہوں، تو ہمیشہ اس کام کے لئے مجھے خد اکا مسح مل جاتا ہے۔ میں نے سیکھا ہے کہ خُد اکے وقت کے مطابق مسائل کو حل کیا جائے یا اُسکو اس وقت تک کے لئے چھوڑ کر انتظار کیا جائے جب تک خُد اکا وقت نہ آجائے۔ بارہا میں نے خود کو خُدا کی مدد اور وقت کے بغیر تبدیل کرنے کی کوشش کی اور ناکامی کے باعث مجھے مایوسی کا تجربہ کرناپڑا۔ ہماری زندگی میں کسی بھی کام کے درست ہونے کے لئے خُدا کے مسح کا ہونا ضروری ہے۔
جب خُدا ہمیں تبدیل کرنے کے لئے کسی بات پر ملامت کرتا ہے تو ہمیں اُس کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ ہوسکتا ہے کہ ہم تبدیل ہونے کے لئے تیار نہ ہوں لیکن ہم اُس پر بھروسہ کرسکتے ہیں کہ اس کا وقت کامل ہے اوراُس کا مسح موجود ہے تاکہ وہ جوا جو ہماری مکمل آزادی کو روکے ہوئے ہے ، ٹوٹ جائے ۔ میں نے یہ کہنا سیکھ لیا ہے ’’ اَے خُداوند مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں تیار نہیں ہوں لیکن تیرے کہنے سے میں تجھ پر بھروسہ کرتی ہوں؛ تیری قوت میرے ساتھ ہے اور میں فرمانبرداری کے لئے تیارہوں۔‘‘ جب آپ اپنے مسئلہ کے حل کے لئے ایمان سے قدم بڑھائیں گے توجس حکمت ، فضل، قوت اور قابلیت کی ضرورت ہے وہ آپ کو مل جائے گی۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: جو کام خُدا آپ سے آج کرنے کے لئے کہتا ہے اُسے کسی اور دن پر مت ڈالیں۔