
شُکر گزاری کرتے ہوئے اُس کے پھاٹکوں میں اور حمد کرتے ہوئے اُس کی بارگاہوں میں! داخل ہواُس کا شُکر کرو! اور اُس کے نام کو مبارک کہو! زبور 100 : 4
شُکرگزار لوگوں کے ساتھ رہنا بڑی خوشی کی بات ہے۔ کچھ لوگ ایسے ہیں جو اپنی زندگی میں بڑبڑاتے، شکایت کرتے اور نا شُکرگزاری کرتے ہوئے گزاردیتے ہیں، لیکن ایسے لوگ بھی ہیں جو زندگی کو خوشی، بھرپوراُمید اور شُکرگزاری کے ساتھ گزارتے ہیں۔ میں تو یقینی طور پر خوش مزاج، پُراُمید اور شُکر گزار لوگوں کے اِرد گِرد رہنے کو ترجیح دوں گی ۔۔۔۔ کیا آپ بھی ایسا ہی چاہتے ہیں؟
ہمارا شُکرگزار رویہ نہ صرف ہمیں مقبول بناتا ہے بلکہ جیسے جیسے ہم خُدا کے ساتھ اور گہرائی میں جاتے ہیں یہ ہمارے لئے روحانی طور پر بالغ ہونے کی راہیں بھی ہموار کرتا ہے۔ جتنا زیادہ ہم خُدا کی قربت حاصل کرتے ہیں اتنا ہی زیادہ ہم ان کاموں سے واقف ہوتے جاتے ہیں جواُس نے ہمارے لئے کئے ہیں اور اتنا ہی زیادہ قدرتی طور پر ہم اُس کے شُکرگزاربن جاتے ہیں۔
اگر کوئی شخص اُن برکتوں کے لئے جو خُدا نے اُس کو پہلے سے دی ہوئی ہیں شُکرگزار نہیں ہے تو وہ کیوںکر یہ سوچ سکتا ہے کہ خُدا اُس کو اوربرکتیں بھی دے گا؟ شُکرگزار دِل یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم ان برکتوں کےاچھّے مختار ہیں جو اس نے ہمیں پہلے ہی سے دی رکھی ہیں اوریہ کہ ہم ٹھیک دِل اور درست رویے کے ساتھ مزید برکتوں کو سنبھالنے کے اہل بھی ہیں۔
اگلی بار اگرآپ کے دل میں ناشُکری کا احساس پیدا ہو تو سب کام چھوڑ دیں اور اُن تمام کاموں کے لئے جو اُس نےآپ کی زندگی میں پہلے کئے ہیں خُدا کی شُکرگزاری کریں ۔ چاہے آپ کوایسا کیوں نہ لگتا ہو کہ آپ کے پاس بہت تھوڑا ہے لیکن اُس تھوڑے کے لئے بھی خُدا کی تمجید کریں۔ جب آپ ایسا کریں گے تو آپ حیران رہ جائیں گے کہ وہ عجیب طور سےآپ کے شُکرگزار دِل کو بڑی برکت سے نوازے گا۔
اپنے اِرد گرد دیکھیں اور کوئی ایسی برکت تلاش کریں جس کا آپ شُکر کرسکتے ہیں ۔۔۔۔ کوئی تعلق، کوئی چیز جو خُدا نے مہیا کی ہو، ماضی کی کوئی فتح، کسی دُعا کا جواب۔ کوئی بھی چیز خُدا کی تعریف کے لئے چھوٹی نہیں ہو سکتی۔