اس واسطے کہ اُس میں خُدا کی راست بازی اِیمان سے اِیمان کے لئے ظاہر ہوتی ہے … جیسا لکھا ہے کہ راست باز … اِیمان سے جیتا رہے گا۔ رومیوں 1 : 17
اعتماد کی بنیاد خُدا پر اِیمان میں ہے۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ ہم کبھی کبھی نہیں بلکہ ہمیشہ پُراعتماد رہنے کا فیصلہ کریں۔
جب مجھے میرے دوستوں اور خاندان کے افراد نے یہ کہا کہ ایک خاتون کو خُدا کا کلام نہیں سنانا چاہیے تو اس وقت مجھے سیکھنا پڑا کہ کس طرح اعتماد میں قائم رہوں۔ اگرچہ میں جانتی تھی کہ خُدا نے مجھے اپنا کلام سیکھانے کے لئے بلایا ہے تو بھی جب لوگوں نے مجھے رد کیا تو میں اس سے کافی متاثر ہوئی۔ مجھے اعتماد میں بڑھنا تھا اور اُس مقام پر پہنچنا تھا جہاں کسی کی رائے اور کسی کے رد یا قبول کرنے سے میرے اعتماد میں کمی واقع نہیں ہوتی تھی۔ مجھے یہ سیکھنا تھا کہ میرا اعتمار خُدا پر ہونا چاہیے نہ کہ لوگوں پر۔
رومیوں 1 : 17 میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہم اِیمان کی ایک منزل سے اِیمان کی دوسری منزل تک بڑھ سکتے ہیں۔ میں نے بہت سال اِیمان سے شک اور بے اعتقادی تک اور پھر اِیمان تک کے چکر میں گزار دیئے۔ اور پھر میں نےجانا کہ جب میں پُراعتماد نہیں ہوتی تو میں ابلیس کے لئے ایک دروازہ کھلا چھوڑ دیتی ہوں۔ اگر میں اس کو اپنا اعتماد چُرانے کی اجازت دیتی ہوں تو اچانک ہی میرے اندر سے لوگوں کی خدمت کے لئے ایمان جاتا رہتا ہے۔
اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو لگاتار پُراعتماد رہنے کا فیصلہ کریں۔ اپنی نعمتوں اور بلاوے اور مسیح میں اپنی صلاحیتوں کے لئے پُراعتماد رہیں۔ اِیمان رکھیں کہ آپ نے خُدا کی آواز سُنی ہے اور یہ کہ پاک رُوح آپ کی راھنمائی کرتا ہے۔ خُداوند میں دلیر بنیں۔ خود کو اس میں فاتح کی حیثیت سے دیکھیں۔
جب ہم خُدا کی عظیم مُحبتّ پر دھیان لگاتے ہیں تو اس سے ہمارے اندر بڑا اعتماد پیدا ہوتا ہے تاکہ ہم بڑے کام کرسکیں۔