
اِسی واسطے خُدا نے بھی اُسے بہت سر بُلند کیا اور اُسے وہ نام بخشا جو سب ناموں سے اعلیٰ ہے۔ تاکہ یسُوع کے نام (میں) پر ہر ایک گھُٹنا ٹِکے۔ خواہ آسمانِیوں کا ہو خواہ زمِینیوں کا۔ خواہ اُن کا جو زمین کے نِیچے ہیں۔ اور خُدا باپ کے جلال کے لیے ہر ایک زبان اِقرار کرے کہ یسُوع مسِیح خُداوند ہے۔ (فلپیوں ۲: ۹ ــ ۱۱)
بہت سے لوگ بشمول مسیحیوں کے، یسوُع کے نام میں موجوُد زبر دست طاقت کا کوئی علم نہیں رکھتے۔
کیا آپ نے کبھی نام کی اہمیت پر غور کیا ہے؟ کسی شخص کا نام اُس کی نمائندگی اور اُس کے ذاتی کردار کی عکاسی کرتے ہوُۓ اُسے دوُسروں سے الگ ظاہر کرتا ہے۔ جب ہم کسی شخص کو نام سے پکارتے ہیں تو ہم اُس شخص کے بارے میں کچھ بتا رہے ہوتے ہیں۔
اِسی طرح جب ہم یسوُع کا نام لیتے ہیں تو ہم محض ایک نام کی بات نہیں کرتے۔ ہم ایک ایسا نام پکارتے ہیں جو مُجسم قوُت ہے ــــ اِنسانی طاقت نہیں، بلکہ خُدا کی تمام ترقوُت اور اِختیار ہے۔ (دیکھیے کلسیوں ۲: ۹ ـ ۱۰)۔
جب ہم کسی کا نام پکارتے ہیں ، تو ہم اُس شخص کے بارے میں بیان کرتے ہیں ۔ یسوُع کے معنی ہیں ’’نجات دہندہ‘‘ اور ہم اُس کو اُن کاموں کے مطابق پُکارتے ہیں جو وہ ہمارے لیے کرتا ہے ــــ وہ ہمیں گناہوں سے اور ہماری ناکامیوں سےبچاتا ہے، اور ساتھ ہی اُن حالات سے چھڑاتا ہے جو اُس کی مرضی کے مطابق نہیں ہوتے۔ (دیکھیے متّی ۱: ۲۱)
بیشمار لوگ روحانی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ اِن کو اِستعمال کرنے کے لیے ایمان سے یسوُع کا نام لینا ضروُری ہے۔ یہ خوبصورت نام اُن کو بخشا گیا ہے جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں۔ خُدا کے فرزند بن کر آج ہی ایمان سے اُس کا نام لیں۔
یہ دُعا کریں:
اَے خُدا باپ، میَں اپنی زندگی کے تمام حالات میں، ایمان سے یسوُع کا نام لیتی ہوُں۔ تیرے بیٹے کی نجات بخش قوُت کے لیے میَں تیرا شُکر ادا کرتی ہوُں۔