آپ پُراعتماد بن سکتے ہیں

آپ پُراعتماد بن سکتے ہیں

ہمارا دِل اُس میں شادمان رہے گا کیونکہ ہم نے اُس کے پاک نام پر توکُّل (بھروسہ اور اعتماد) کِیا ہے۔  زبُور 21:33

خُدا چاہتا ہے کہ ہم اعتماد کے ساتھ زندگی گزاریں اور دلیری سے زندگی کے معاملات کا سامنا کریں— اور ہمیں شُکرگزاری کرنی چاہیے کہ یہ دونوں کام کرنے میں وہ ہماری مدد کرتا ہے۔ آج ہی تہیہ کریں کہ آپ مضبوط فیصلے کریں گے۔ ایسا کرنا آپ کے لئے ایک جرات مندانہ اقدام ہوسکتا ہے اگر آپ نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ خوف اور ڈانوانڈول حالت میں گزارا ہے اور اگر آپ اطمینان کی زندگی سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو ایسا کرنا ضروری بھی ہے۔ فیصلہ نہ کرنا بے چینی کا سبب ہوسکتا ہے۔

اپنا بھروسہ مسیح میں اور اُس میں اپنی حیثیت پر رکھیں  لوگوں کی رائے پرنہیں۔ اپنے آپ کو جانیں! اپنے دِل کو پہچانیں، اور لوگوں کے منہ سے اپنی قدر سننے کے منتظر نہ رہیں۔ جب بھی کوئی آپ سے متفق نہ ہو تو یہ مت سمجھیں کہ آپ غلط ہیں۔ یقین رکھیں کہ خُدا کی حکمت آپ کے اندر بسی ہوئی ہے۔ یقین کریں کہ آپ فیصلے کر سکتے ہیں۔ اپنے بارے میں کسی منفی بات پر یقین نہ کریں کیونکہ آپ اپنے بارے  میں مثبت بات پر آسانی سے یقین کرسکتے ہیں — اور یقینی طور پریہ زیادہ فائدہ مند ہے۔


شُکرگزاری کی دُعا

اَے باپ، مَیں شُکر گزار ہوں کہ میرا اعتماد میری ذات یا اپنی صلاحیتوں پر نہیں ہے؛ میرا اعتماد مسیح یسوع میں ہے۔ میرایِمان ہے کہ میرے پاس تیری حکمت اور تیرا فہم ہے۔ آج مَیں ایک جرات مندانہ، پُراعتماد زندگی گزاروں گا/گی۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon