ہمیشہ قائم رہنے والا پھل

[جیسے] باپ نے مجھ سے مُحبّت رکھی ویسے ہی میں نے تم سے مُحبّت رکھی۔ تم میری مُحبّت میں قائم رہو [میرے ساتھ تم اُس کی مُحبّت میں شامل رہو]۔                                  (یُوحنّا ۱۵ : ۹)

میں وہ دن کبھی نہیں بھول سکتی جب ڈیو نے ہمارے گھرکے باہر موجود درخت کی کانٹ چھانٹ کا فیصلہ کیا۔ اس میں کچھ جنگلی شاخیں اُگ چکی تھیں اور وہ ایک طرف جھک گیا تھا۔ جب انہوں نے کہا کہ وہ اُس درخت کی کانٹ چھانٹ کے لئے ماہر لوگوں کو بُلوا رہے ہیں تومیں نے اُس وقت اس بارے میں زیادہ نہیں سوچا۔ لیکن جب میں گھر پہنچی تو میں یہ دیکھ کر پریشان ہوگئی کہ ان لوگوں نے آرے سے میرے درخت کو برباد کردیا اور وہ اِس بات سے بہت خوش تھے۔

ڈیو نے کہا’’بس اگلے سال تک انتظار کرو۔یہ دوبارہ سے ہرا بھرا اور خوبصورت ہوجائے گا۔‘‘

لیکن مجھے انتظار کرنا پسند نہیں ہے۔

جب میں اُس کی سوکھی ہوئی شاخوں کی طرف جو پہلے سرسبزوشاداب تھیں دیکھتی تھی تو مجھے بالکل اچھّا نہیں لگتا تھا۔ لیکن ڈیو نے صیح کہا تھا۔ اگلے سال وہ درخت پہلے سے بھی بہت خوبصورت ہو گیا، آنے والے کئی سالوں تک تیز ہواوٗں کے سامنے کھڑا رہنے کے لئے زیادہ مضبوط ہوچکا تھا اورپہلے سے بھی کہیں زیادہ پھل دار اور پیداوار دینے والا۔ یہ پاک رُوح کے ہماری زندگیوں کی کانٹ چھانٹ کرنے کی بہترین مثال ہے ۔۔۔۔۔۔ یعنی جب وہ کانٹ چھانٹ کرتا ہے تو نتیجتاً ہماری زندگیاں زیادہ خوبصورت، مضبوط اور پھل دار بن جاتی ہیں۔

گلتیوں ۵ باب میں جسم کے گناہوں اور رُوح کے پھل کی ایک فہرست بیان کی گئی ہے اور لگاتار جسم کی کانٹ چھانٹ کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اچھّے پھل کے لئے مزید جگہ پیدا ہوسکے۔ میرے درخت کی طرح ہم بھی کبھی کبھی ایک طرف جھک جاتے ہیں اور ہمارا توازن بگڑ جاتا ہے اور خُدا کو اس کا حل نکالنا پڑتا ہے تا کہ ہمیں پھر سے سیدھا کرے۔ ہمیں شُکرگزار ہونا چاہیے کہ ہمیں درست کرنے کے لئے خُدا ہماری اتنی فکر کرتا ہے کہ ہم پر دھیان رکھتا اور ہماری مدد کرتا ہے۔ خُدا سے کہیں کہ وہ ہمیشہ کانٹ چھانٹ کے اوزاروں کے ساتھ آپ کی زندگی میں آتا رہے تاکہ آپ زیادہ قیمتی اور اچھّا پھل پیدا کرسکیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آج آپ کے لئے خُدا کا کلام:  تنبیہ کبھی بھی اچھّی نہیں لگتی لیکن بعد میں ہم اِس سے پیدا ہونے والے پھل کا مزا لے سکتے ہیں۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon