میں اِس لئے آیا کہ وہ زندگی پائیں اور کثرت (لبریز یہاں تک کہ وہ بہنے لگے) سے پائیں۔ یُوحنّا 10 : 10
جتنا ہم کسی چیز کے بارے میں بات کرتے ہیں، اتنا ہی وہ ہمیں ملتی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ بات کرتے ہیں ان چیزوں کے بارے میں جو آپ کو ناپسند ہیں، تو آپ کی ناپسندیدگی میں مزید اضافہ ہوتا جائے گا، لیکن مُحبّت کے بارے میں بات کرنے سے آپ کی زندگی میں مُحبّت کرنے کی قابلیت کا اضافہ ہوتا جائے گا۔
بہت کم لوگ اِس بابرکت سبق کو سیکھ پاتے ہیں : اپنی زندگی سے پیار کریں اور کبھی اپنی زندگی کا اور اپنی املاک کا کسی اور کے ساتھ مقابلہ نہ کریں، ہر چیز سے پیار کرنا سیکھیں سوائے برائی کے۔ اگر آپ کسی چیز کو ناپسند کرتے ہیں، تو اس کو تبدیل کردیں، اگر ممکن ہو۔ اگر آپ کو اپنی نوکری پسند نہیں ہے، تو اس کی جگہ کوئی اور نوکری کی تلاش کریں۔ اگر آپ کو اپنا محلہ پسند نہیں ہے، تو وہاں سے کہیں اور چلے جائیں۔ اگر آپ کو موسم پسند نہیں ہے، تو اس کے بارے میں یہ جاننا ضروری ہے کہ اس کو تبدیل کرنے کا اختیار آپ کے پاس نہیں ہے اس لئے اب آپ کو اپنا رویہ بدلنا پڑے گا۔ جیسا کہ رین ہولڈ نیبر نے کہا تھا: "اَے خُدا مجھے سکون عطا کر تاکہ میں ان باتوں کو قبول کروں جن کو میں بدل نہیں سکتا؛ مجھے دلیری دے تاکہ ان چیزوں کو بدلوں جن کو میں بدل سکتا ہوں؛ اور ان دونوں حالتوں میں فرق کرنے کے لئے فہم عطا کر۔”
جتنا آپ مُحبّت بھرے خیالات سے بھرتے جائیں گے اور جتنا آپ اچھّے الفاظ بولیں گے، اتنا ہی آپ خوش رہیں گے۔
آج کا قوّی خیال: میں اپنی زندگی میں ہر بات اور ہر شخص سے پیار کرتا/کرتی ہوں یہاں تک کہ اپنے دشمنوں سے بھی۔