…خُدا نہ کرے کہ تمہارے لئے دُعا کرنے سے باز آکر خُداوند کا گنہگار ٹھہروں… (۱ سموئیل ۱۲ : ۲۳)
دوسروں کے احوال پرغورکرنا موٗثر دُعا کی کنجی ہے، ہمیں صرف اپنی ضروریات کواپنے اعصاب پرسوار نہیں کرنا چاہیے۔ بے شک ہم اپنے لئے بھی دُعاکریں اور خدا سےکہیں کہ وہ ہماری ضروریات کو پورا کرے، لیکن ہمیں ہر وقت اپنے لئےدُعا کرتے رہنا نہیں چاہیے۔ محض ذاتی دعائیں ۔۔۔۔۔۔ خود غرضی سے کی گئی دعائیں، اپنی ذات پر مرکوز دعائیں ۔۔۔۔۔۔ موثر نہیں ہوتیں، پس ہمیں اس بات کی یقین دہانی کرنی چاہیے کہ ہم دوسروں کے لئے بھی دُعا کرنے میں وقت صرف کریں۔ میں مسلسل چار یا پانچ لوگوں کی درخواست کو اپنی دعاوٗں میں یاد رکھتی ہوں، اورجب ان میں سے کسی کے بارے میں دعا قبول ہوجاتی ہے، تو میں دوسرے لوگوں کے لئے دعا میں اور بیدار ہوجاتی ہوں۔ عین ممکن ہے کہ آپ کی زندگی بھی ایسی ہی ہو۔ آپ نے کسی کے بارے میں سُنا ہو جس نے اپنے کسی پیارے کو کھویا ہے، کوئی ایسا شخص جسے نوکری کی ضرورت ہے، کوئی ایسا جسے رہنے کےلئے جگہ کی ضرورت ہے، کوئی ایسا جسے ڈاکٹر نے بُری رپورٹ سنائی ہے، کوئی ایسا جس کا بچّہ بیمار ہے، یا کوئی ایسا جس کے جیون ساتھی نے اُسے چھوڑدیا ہے۔
لوگوں کی بہت سی ضروریات ہیں اور ان کو ہماری دُعاوٗں کی ضرورت ہے۔ خُدا چاہتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے لئے خالص مُحبّت اور ترس کے ساتھ دُعا کریں۔ جب ہم دوسرے لوگوں کے لئے دُعا کرتے ہیں ہم بیج بوتے ہیں جوہماری زندگیوں میں پھل دے گا۔ مجھےایک خاتون یاد ہےجس نےمجھے بتایا کہ وہ میری ایک کانفرنس میں شریک ہوئی جہاں میں نے بیمارلوگوں کی شفا کے لئے دُعا کی تھی۔ اگرچہ اُسے خود لوکیمیا کی بیماری تھی، لیکن اُس نے دوسرے لوگوں کی شفا کے لئے دُعا کرنا شروع کردی اوراپنے لئے دُعا کرنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں۔اگلے ہی ہفتہ اسے ڈاکٹر کے پاس معائنہ کے لئے جانا تھا اور معائنہ اور خون کے ٹیسٹ کے بعد اُسے بتایا گیا کہ اُسے کوئی بیماری نہیں ہے ڈاکٹر بہت حیران تھے کہ ایسا کیونکر ہوا ۔
آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: جتنا آپ لوگوں کی فکر کریں گے اُتنا ہی خُدا آپ کی فکر کرے گا۔