تب اُس نے مُجھے جواب دِیا کہ یہ زرُبّاؔبل کے لِئے خُداوند کا کلام ہے کہ نہ تو زور سے اور نہ توانائی سے بلکہ میری رُوح سے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ زکریاہ 4 : 6
مَیں کئی سالوں سے اپنے آپ سے جنگ کر رہی تھی۔ مَیں خود کو پسند نہیں کرتی تھی اور مسلسل خود کو بدلنے کی کوشش کر رہی تھی۔ مَیں نے تبدیلی کے لیے جتنی زیادہ جدوجہد کی، مَیں اتنا ہی مایوس ہوتی گئی، جب تک کہ مَیری زندگی میں وہ شاندار دن نہیں آگیا جس دن میں نے یہ دریافت کرلیا کہ یسوع نے مجھے اسی حالت میں قبول کرلیا ہے جیسی مَیں تھی۔ وہ، اور صرف وہی، مجھے وہ بنا سکتا ہے جو وہ چاہتا ہے کہ مَیں بنوں۔
اپنے آپ کو محض اِس لیے ناقابلِ استعمال نہ سمجھیں کہ آپ میں کچھ کمزوریاں ہیں۔ خُدا ہم میں سے ہر ایک کو تبدیل کرکے کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہماری کمزوری اُسے اپنی طاقت اور جلال دکھانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اپنی کمزوریوں سے چھٹکارا پانے کی کوشش کرنے کے بجائے اُنہیں یسوع کے حوالے کریں اور شُکر گزار ہوں کہ وہ آپ میں اپنی قدرت دکھانے والا ہے۔ آپ اپنی کمزوریوں پرسے نظریں ہٹائیں اوراُس کی طرف دیکھیں۔ اُس کی لامحدود قوّت میں سے طاقت حاصل کریں۔ اُس کی طاقت سے آپ کی زندگی کے خلا بھر جائیں گے۔ آپ اپنے آپ کو تبدیل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے لیکن آپ خُدا پر بھروسہ کر سکتے ہیں کہ وہ آپ کے لیے ایسا کرے گا۔
شُکرگزاری کی دُعا
مَیں تیرا شُکریہ اَدا کرتا/کرتی ہوں مجھے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی خود کو اپنی قوّت سے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ آج میری مدد کر کہ مَیں اپنی کمزوری تجھے دے دوں، یہ جانتے ہوئے کہ میری کمزوری میں تیرا زور ظاہر ہوتا ہے۔