
جب میرا باپ اورمیری ماں مجھے چھوڑ دیں تو خُداوند مجھے سنبھال لے گا (مجھے لے پالک بنا لے گا)۔ زبور 27 : 10
ہمیں قبولیت کے لئے تخلیق کیا گیا ہے نہ کہ رد ہونے کے لئے۔ رد کئے جانے کا مطلب ہے پھینکا جانا کیونکہ ہماری کوئی قدرنہیں ہے یا ہماری کسی کو ضرورت نہیں ہے لیکن خُدا ایسا نہیں کرتا۔ وہ آپ کو اپنی طرف کھینچتا ہے اورآپ کو بہت قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ خُدا نے خُداوند یسوع مسیح کو بھیجا تاکہ وہ آپ کے لئے اپنی جان دے اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ خُدا آپ سے مُحبّت کرتا اور آپ کی قدر کرتا ہے۔
اگرآپ کو زندگی میں اپنے تصورِشخصیت کے بارے میں کسی مسئلہ کا سامنا رہا ہے تو شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ کو رد کیا گیا ہے۔ رد کئے جانے کے سبب سے جو جذباتی درد پیدا ہوتا ہے وہ شاید سب سے گہرا ہوتا ہے۔ خاص کر اگر ہمیں وہ شخص رد کرے جس سے ہم پیارکرتے ہیں یا جس سے ہم بہت زیادہ پیار کی توقع کرتے ہیں، جیسا کہ والدین یا جیون ساتھی۔ رد کئے جانے کے احساس پر فتح پانا یقیناً آسان نہیں ہوتا لیکن ہم خُداوند یسوع مسیح کی مُحبّت کے وسیلہ سے اُس پر فتح پا سکتے ہیں۔
افسیوں 3 : 18 میں پولس کلیسیاء کے لئے دُعا کرتا ہے کہ وہ خُدا کی اُس مُحبّت کی "چوڑائی اور لمبائی اوراُونچائی اورگہرائی” کو جان لیں جو خُدا اُن سے رکھتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ یہ علم جاننے سے باہر ہے۔
ان تمام تجربات پر غور کریں جن میں خُدا نے اپنی مُحبّت کو آپ ظاہر کیا ہے اور اس طرح آپ اس رد کئے جانے کے احساس سے چھٹکارا پا لیں گے جو دوسرے انسانوں کے سبب آپ کے اندر پیدا ہوا ہے۔ جب بھی خُدا آپ کو مقبولیت بخشتا ہے تو وہ آپ پر یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ آپ سے پیار کرتا ہے۔ وہ ہر وقت بہت سے طریقوں سے آپ پر اپنی مُحبّت کو ظاہر کرتا ہے۔ میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں کہ آپ ان باتوں پر آج ہی سے غور کرنا شروع کردیں۔
خُدا کی مُحبّت کا گہرا مکاشفہ آپ کے اندر موجود کسی بھی ایسی جڑ کو اُکھاڑ پھینکے گا جو رد کئے جانے کے سبب سے پیدا ہوئی ہے۔