خُدا کا دوست

اَب سے میں تمہیں نوکر نہ کہوں گاتمہیں میں نے دوست کہا ہے۔      (یوحنا ۱۵ : ۱۵)

پیدائش ۱۸ :۱۷ میں خُدا ابرہام کو اپنا دوست کہتا ہے اور پھر سدوم اور عمورہ کو تباہ کرنے کےمنصوبہ کے بارے میں بتاتا ہے۔ جس طرح اس نے ابرہام کو اپنے منصوبہ میں شامل کیا بعین وہ آپ کو اپنا دوست سمجھتےہوئے اپنے دل، اپنی چاہتوں، اپنے مقاصد اوراپنے منصوبوں میں شامل کرےگا۔ وہ آپ کی زندگی میں ہونے والی باتوں کے تعلق سے آپ کو دانائی اور بصیرت بخشے گا اور بتائے گا کہ ان کے بارے میں کیا کرنا ہے۔ وہ آپ کی راہنمائی کرے گا اورمستقبل کی تیاری میں مدد کرے گا۔ خُدا کا دوست ہونے کی حیثیت سےآپ کو اپنے حالات کے بارے میں بے خبر اور غافل رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ چوکنا اور تیاررہیں گے  کیونکہ آپ خُدا کے دوست ہیں اور آپ اس کی آواز سنتے ہیں۔  عین ممکن ہے کہ وہ آپ پر وہ تمام باتیں ظاہر نہ کرے جو آپ جاننا چاہتے ہیں یا جس وقت آپ چاہتے ہیں اس وقت ظاہر نہ کرے، لیکن جب آپ صبر سے اس کا انتظار کریں گے وہ آپ کی راھنمائی کرے گا اور آپ کو زور بخشے گا ۔

ہوسکتا ہے آپ سوال کریں کہ ، ’’میں خُدا کا/کی دوست کیسے بن سکتا/سکتی ہوں؟‘‘ آج کی آیت کے مطابق آپ اُس کے دوست ہیں۔ اس آیت میں خُداوند یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا ’’میں نے تمہیں اپنے دوست کہا ہے۔‘‘ اگرآپ خُداوند یسوع کے پیروکارہیں آپ موجودہ دور کے شاگرد اور اس کے دوست ہیں۔ جیسا کہ ہر دوستی میں ہوتا ہے یا تو آپ محض جان پہچان والے ہیں یا قریبی، جگری دوست۔ جس طرح دوسرے لوگوں کے ساتھ آپ کی دوستی بڑھتی اور فروغ پاتی ہے خدا کے ساتھ بھی آپ کی دوستی ترقی کرتی اور بڑھتی جاتی ہے۔ جس طرح انسانی دوستی کو بڑھانے  کے لئے قوت اور وقت  صرف ہوتا ہے اِسی طرح خُدا کے ساتھ آپ کے تعلق میں بھی ہوتا ہے۔

میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ آج ہی اپنی توجہ اس طرف مرکوز کریں او خُدا کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کے لئے  قوت اور وقت صرف کریں یعنی خدا کے کلام کو پڑھیں اُس پر گیان دھیان کریں اوراُس کے ساتھ باتیں کریں اوراُسے اپنا دوست سمجھتے ہوئے اس کی آواز سُنیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آج آپ کے لئے خُدا کا کلام: اپنی روزمرہ زندگی میں اس بات کو شامل کریں کہ خُدا کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کے لئے قوت اور وقت صرف کریں۔

Facebook icon Twitter icon Instagram icon Pinterest icon Google+ icon YouTube icon LinkedIn icon Contact icon