ہر ایک بات میں [خُدا کی] شُکرگُذاری کرو [چاہے حالات کیسے بھی ہوں، شُکر گزار ہو اور شُکر ادا کرو] کیونکہ مسِیح یِسُوع میں تُمہاری بابت خُدا کی یہی مرضی [اس مرضی کا ظاہر کرنے والا اور درمیانی] ہے۔ 1 تھِسّلُنیکیوں 5 : 18
ہم سب کے پاس اس زندگی میں شُکر گزار ہونے کے لیے بہت سی باتیں ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم ان کو معمولی سمجھنے کی بُری عادت میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور افسوس کی بات ہے کہ اکثر ہم وہی دیکھتے ہیں جو ہمارے پاس نہیں ہے۔
چونکہ ہم وافر صاف پانی اور صحت بخش خوراک، اچھّے کپڑے اور اچھّے گھر، آسان نقل و حمل اور بہترین تعلیم، آزادی اور حفاظت اور تحفظ کے عادی ہیں اس لئے ہم بھول جاتے ہیں کہ دُنیا بھر میں لاکھوں لوگ ایسے ہیں جن کے پاس یہ زبردست نعمتیں نہیں ہیں۔
مجھے یقین ہے کہ شُکرگزاری کا رویہ برقرار رکھنا ایک ایسا عمل ہے جسے کرنے کے لئے ہمیں مصمم ارادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنی نعمتوں کے بارے میں سوچنے کے لیے روزانہ وقت نکالیں اور اپنی زندگی میں خُدا کی مسلسل بھلائی کے لیے اُس کا شُکر اَدا کریں۔ شُکرگزاری کرنا آپ کی عادت بن جائے!
شُکرگزاری کی دُعا
اَے باپ، مَیں دُعا کرتا/کرتی ہوں کہ تُومیری مدد کرے گا تاکہ میرے اندر شُکر گزاری کرنے کی عادت پیدا ہوجائے۔ میں اپنی زندگی میں کسی نعمت کو معمولی نہیں سمجھنا چاہتا/چاہتی۔ مجھے پورے طور پر یہ سمجھنے میں مدد کر کہ تُو نے مجھے کن چیزوں سے نواز رکھا ہے اور مَیں اپنی زندگی میں ہر بات کے لئے تیرا بے حد شُکر گزار رہوں گا/گی۔