سو اَب اگر تم میری بات مانو اور میرے عہد پر چلو تو سب قوموں میں سے تم ہی میری خاص ملکیت ٹھہرو گے کیونکہ ساری زمین میری ہے۔ خروج 19 : 5
خُدا کا فضل اور قوت موجود ہے تاکہ ہم اُسے استعمال کریں۔ خُدا ہمیں توفیق دیتا ہے اور ہمیں پاک روح کا مسح دیتا ہے تاکہ جو کام وہ ہمیں کرنے کے لئے کہتا ہے ہم وہ کرسکیں۔ بعض اوقات پاک روح ہمیں کسی اورسمت میں جانے کے لئے اُبھارتا ہے لیکن ہم اپنے ارادہ کے مطابق ہی آگے بڑھتے ہیں۔ اگر ہم اُس کی مرضی کے برخلاف کوئی کام کررہے ہیں تو اس کے لئے زور بخشنا اُس کی ذمہ داری نہیں ہے۔ اِس صورت میں ہم جو کام کرتے ہیں وہ اپنی قوت میں کرتے ہیں نہ کہ پاک رُوح کی راھنمائی میں۔ پھر ہم بے حد پریشان، دباؤ کا شکار اور تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں، اور چونکہ ہم پاک روح کی راھنمائی کو نظر انداز کرتے ہیں اس لئے ہم خود پر قابو کھو دیتے ہیں۔
بہت سے لوگ پریشانی اور تھکاوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں کیونکہ وہ خُدا کی نہیں بلکہ اپنی راہوں پر چلتے ہیں۔ اور جب وہ خدا کے بتائے ہوئے راستے پر جانے کی بجائے اپنی مرضی کی راہوں پر چلتے ہیں تو پریشان کن حالات میں پھنس جاتے ہیں۔ اورپھر نافرمانی کے باعث ہمت ہار جاتے ہیں اورپھر بھی اُس کام کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جسے وہ خدا کی مرضی کے بغیر شروع کرچکے ہوتے ہیں اور اِسی دوران خُدا سے مدد کی بھیک بھی مانگتے ہیں۔
شُکر گزاری کی بات یہ ہے کہ خُدا رحم دِل ہے اور ہماری غلطیوں کے باوجود ہماری مدد کرتا ہے۔ لیکن وہ ہمیں نافرمانی کرنے کے لئے زور اور قوت نہیں دے گا۔ اگر ہم ہر موقع پر پاک رُوح کی تحریک کی پیروی کریں تو ہم بہت سے مشکل حالات سے بچ سکتے ہیں ۔
زیادہ فرمانبرداری کا نتیجہ ہمیشہ کم پریشانی کی صورت میں نکلتا ہے!