
لیکن خُدا کا شُکر ہے کہ اگرچہ تم گناہ کے غلام تھے تو بھی دِل سے اُس تعلیم کے فرمانبردار ہوگئے ہو جس کے سانچے میں تم ڈھالے گئے تھے۔ رومیوں 6 : 17
پولس لکھتا ہے کہ روم کے اِیماندار اپنے پورے دِل سے فرمانبردار تھے۔ یہ بہت اہم بات ہے کیونکہ یہ ممکن تھا کہ فرمانبرداری تو ہولیکن بے دِلی سے ۔۔۔۔ یعنی مجبوری سے فرمانبرداری کی جائے اور خوشی سے اور پورے دِل سے فرمانبرداری نہ کی جائے۔
جو کچھ خُدا کہتا ہے اس کی فرمانبرداری کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم محض دکھاوا کریں لیکن اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارا رویہ درست ہو۔ جب آپ واقعی خُداوند کو خوش کرنا چاہتے ہیں تو آپ اپنی زندگی میں اُس کی راہنمائی اور ہدایات پر عمل کرنے کے لئے بےچین رہیں گے۔
میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں کہ آپ اپنے فرمانبرداری کے معیار کو بُلند کریں۔ فوراً فرمانبرداری کریں، اور فرمانبرداری میں خالص پن اور شادمانی پیدا کریں۔ ایسا انسان مت بنیں جس کو کسی چھوٹی اور سادہ سی بات پر عمل کرنے کے لئے تیار کرنے کے لئے خُدا کو ہفتوں درکار ہوں۔ جو کچھ خُدا آپ سے کرنے کے لئے کہتا ہے اُسے خوشی سے کریں۔
فرمانبرداری روحانی فریضہ سے بڑھ کر ہے ۔۔۔۔ یہ روحانی موقع ہے! جب آپ خُدا کی فرمانبرداری کریں گے تو یہ آخرکار آپ کے لئے ایک اَجر بن جائے گا۔ فرمانبرداری آپ کی زندگی میں ایک بیج کی مانند ہے جو آپ کے لئے برکت کا سبب ہوگا۔ آپ کبھی بھی خُدا کو اتنا نہیں دے سکتے کہ جووہ آپ کو واپس نہ کرسکے وہ ہمیشہ آپ کی فرمانبرداری کے بیج کو پھلدار بنائے گا۔
فرمانبردار دِل آپ کی زندگی میں خُدا کی برکات کا سبب بنے گا۔